اپوزیشن کا بیانیہ پاش پاش اور بری طرح پٹ کر زمیں بوس ہو گیا ہے، اسد عمر

Published on January 21, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 59)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی،اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی آج اور کل جانے کی باتیں کر نے والے اپوزیشن پر ترس آرہا ہے،اپوزیشن کا بیانیہ پاش پاش اور بری طرح پٹ کر زمیں بوس ہو گیا ہے جس کا اندازہ برطانیہ کے عالمی جریدے اکانومسٹ میگزین کی حالیہ رپورٹ سے لگایا جا سکتا ہے،اپوزیشن کی قیاس آرائیوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، حکومت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اور معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جائیں گے۔ فیصل آباد آمد کے موقع پر سرکٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئر مین فیض اللہ کموکا ایم این اے،خرم شہزاد شیخ ایم این اے اور دیگر ممبران قومی وصوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔اسد عمر نے کہاکہ پچھلے سال معیشت کی شرح نمو مجموعی طور پر 5.37فیصد رہی جو گزشتہ 14سال میں ایک ریکارڈ ہے حالانکہ شرح نمو کا تخمینہ 5فیصد تک لگایا گیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف کورونا سے دنیا کی معیشتیں متاثر ہوئیں مگر دوسری جانب پاکستان کی معیشت حکومت کی کو وڈ سے مقابلہ کیلئے تشکیل دی گئی حکمت عملی سے انتہائی بہترین رہی جس سے نہ صرف ہمارا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا بلکہ ہماری شرح نمو بھی تیزی سے ترقی کرتی معیشت کے طور پر سامنے آئی جو عوام کیلئے بڑی خوشخبری ہے۔انہو ں نے کہاکہ دنیا کے ممالک نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے جہاں کورونا کا مثالی طریقے سے مقابلہ اور اس کے نقصانات کو کم سے کم کیا وہیں ہر شعبہ میں ترقی بھی جاری رکھی یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال گندم کی پیداوار کا جو تخمینہ 27.3ملین ٹن لگایا گیا تھا اس کے برعکس 27.5ملین ٹن پیداوار حاصل ہو ئی۔دوسری جانب جو شرح نمو پہلے 9.29فیصد تھی وہ بھی صنعتی ترقی سے بڑھ کر 15.27فیصد ریکارڈ کی گئی۔انہو ں نے کہاکہ آلو کی پیداوار کا تخمینہ 4.7ملین ٹن تھا مگر پیداوار 5.9 ملین ٹن ملی جبکہ پیاز کے 2.3ملین ٹن کے ہدف کے برعکس 2.7ملین ٹن اور ٹماٹر کی پیداوار بھی 0.67ملین ٹن اضافے کے ساتھ 4.7ملین ٹن حاصل ہوئی۔انہو ں نے کہاکہ قدرتی گیس کی پیداوار کا تخمینہ 1.2 کھرب مکعب فٹ تھا جو بڑھ کر 1.7 کھرب مکعب فٹ رہالہٰذااس کی پروڈکشن میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا وہیں خام تیل کی پیداوار 26.2ملین بیرل سے تجاوز کر کے 27.6ملین بیرل اور کوئلے کی پیداوار 8.52ملین ٹن سے بڑھ کر 8.59ملین ٹن ہو گئی۔اسد عمر نے بتایا کہ ایک طرف فصلات کی پیداوار میں اضافہ ہوا جس کے ساتھ ساتھ زرعی و غذائی اجناس کے علاوہ خام مال کی پروڈکشن میں بھی بہتری آئی۔انہو ں نے کہاکہ اپوزیشن کی حالت قابل رحم ہے جس کے تمام تر دعوؤں کے برعکس اسمبلی میں ایک کے بعد دوسرا اور دوسرے کے بعد تیسرا بل پاس ہوتا گیا اور اپوزیشن ارکان سر جھکائے و کندھے گرائے بے بسی کی تصویر بنے اپنا بیانیہ پاش پاش ہوتا دیکھتے رہے۔انہو ں نے کہاکہ حکومت نے اجلاس سے قبل ہی بتادیا تھا کہ ا س کے 178ارکان میں سے کچھ کووڈ کی وجہ سے علیل اور کچھ اندرون و بیرون ممالک مصروفیات کے باعث اجلاس میں شامل نہیں ہو ں گے اور حکومت کے 168ارکان ایوان میں موجود ہوں گے لہٰذا ایسا ہی ہوا اور ان کے 168ووٹ ایوان میں موجود رہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ دنیا نے پاکستان کی تعریف کی ہے جس سے نا اہلی اور معیشت کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑا اور اس بہترین پرفارمنس کا اعزاز حکومت اور عوام کے سر ہے جس نے اپوزیشن کے دونوں بیانیوں سے ہوا نکال دی ہے۔انہو ں نے کہاکہ حکومتی کوششوں سے ری بیسنگ ایکسر سائز جاری ہے اور سٹینڈرڈ نیشنل اکاؤنٹ کی بنیاد پر اسے مسلسل کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ 16۔2015 میں نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کا جو لیول 11.3فیصد پر تھا وہ اب 30ہزار 100ارب کے تخمینہ سے 20۔ 2019 میں بڑ ھ کر 16.3فیصد پر آگیا جبکہ موجودہ صورتحال اس سے بھی اچھے اعداد و شمار کی نشاندہی کر رہی ہے۔انہو ں نے کہاکہ حکومت معیشت،صنعت،کاروبار، برآمدات اور زراعت کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور گزشتہ سال 5کروڑ سے زیادہ بچے تعلیمی اداروں تک پہنچے اسی طرح آئی ٹی کی گروتھ میں نئے ری بیسز کے تحت 5.57فیصد بہتری آئی۔اسد عمر نے بتایاکہ حکومتی اقدامات سے پاکستانیوں کی فی کس آمدنی میں شاندار اضافہ ہوا ہے اور قبل ازیں جو فی کس سالانہ آمدنی 1457ڈالر تھی وہ 209ڈالر بڑھ کر سال 21۔2020 میں 1666ڈالر فی کس ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ سال 21۔ 2020 میں پاکستان کی سالانہ معیشت 55488 ارب روپے تک جا پہنچی جو 327بلین ڈالر کے قریب بنتی ہے اور اس طرح اس میں بھی پچھلے سالوں کی نسبت 16.3فیصد تک بہتری آئی۔اسد عمر نے کہاکہ پوری قوم اس ضمن میں مبارکباد کی مستحق ہے کہ این سی او سی کے فیصلوں پر عمل کر کے اس نے جس دانشمندی کا مظاہرہ اور کووڈ کا مقابلہ کیا اس کے ثمرات ہمیں نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کی نسبت اس سال معیشت کی شرح نمو 5.13 فیصد زیادہ تھی جو گزشتہ 14 سال کی بلند ترین سطح پرہے اسی لئے پاکستان واحد ملک ہے جو کورونا کی کارکردگی میں دنیا میں پہلی تین پوزیشن میں ٹاپ تھری نمبرزمیں شامل ہے اور اس میں سب سے زیادہ بڑی صنعتوں کی طرف سے کنٹری بیوشن آئی ہے کیونکہ ہماری بڑی صنعتوں کی شرح نمود پہلے 9 ماہ میں 9.2 فیصد رہی جبکہ آخری تین ماہ میں یہی بڑھ کر 15.27 فیصد بڑھی۔انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس کا تخمینہ 1.2 کھرب مکعب فٹ تھا جو بڑھ کر 1.7 کھرب مکعب فٹ رہالہٰذااکانومسٹ کا کہنا ہے کہ سب سے بہترین کارکردگی پاکستان کی رہی اور 14 سال میں سب سے زیادہ تیز ترین ترقی کا سال 2019 سے 2020 کا تھا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت میں نئے سیکٹر بہت تیزی سے ترقی کررہے ہیں جس کے ساتھ ساتھ چونکہ ٹیکنیکل تعلیم بھی معیشت کا ایک بہت بڑا حصہ ہے اسی لئے نیشنل اکاونٹس کمیٹی میں آج ان تمام تر چیزوں کو دیکھا گیانیزوزیر اعظم نے چھوٹی صنعتوں کے لیے نئی پالیسی کا بھی اعلان کیا ہے،اسی طرح وفاق نے 250ارب کی کورونا ویکسین خرید کر صوبوں کو فراہم کی جبکہ گردشی قرضوں کو کلیئر کرنے کیلئے بھی بڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوریا کی پیداوار اس سال پچھلے سال سے زیادہ ہوئی تاہم یوریا کی کمی کو پورا کرنے کیلئے امپورٹ کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔اسد عمر نے کہا کہ فناس بل کی منظوری میں حکومت کو کامیابی ملی جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے لوگ صبح شام کہتے ہیں کہ حکومت گئی اور گئی،کبھی کہتے ہیں کہ حکومت ناکام ہو گئی اور یہ جانے والی ہے لیکن اعداد و شمار اور حالات و واقعات سے اپوزیشن کا بیانیہ بری طرح ناکام و فلاپ ہو گیا ہے جبکہ اپوزیشن کے بیانیہ کو عوام نے بھی یکسر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی قیاس آرائیوں سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ اپوزیشن ملکی معیشت کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہی ہے مگر حقائق بولتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت نے ترقی کی ہے اورپاکستان کو دوسری سب سے تیز شرح نمو رکھنے کا اعزاز حاصل ہواہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اور معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک منتقل کئے جائیں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes