پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔سراج الحق

Published on January 23, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 51)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن میں بے تحاشا اضافہ ہوا۔ حکومت نے لٹیروں کو پکڑنے کی بجائے عوام پر ٹیکسز کا بوجھ ڈالا۔ ہم نہیں بین الاقوامی ادارے رپورٹ کر رہے ہیں کہ موجودہ سیٹ اپ ناکام ہو گیا۔ سودی معیشت اور ظالم سرمایہ دارانہ نظام سے عوام کراہ رہے ہیں، ملک پرعملاً آئی ایم ایف کا قبضہ ہے۔ معیشت اور معاشرت عالمی مالیاتی اداروں اور این جی اوز کے حوالے کر دی گئی۔ قرضوں کا ہمالیہ، 880ارب روپے کے سکینڈلز، پی ٹی آئی کے قوم کو دیے گئے تحائف ہیں۔ ہر پیدا ہونے والا بچہ دو لاکھ 35ہزار کا مقروض، روپے کی قدر میں کمی ہوتی ہے تو وزیراعظم کہتے ہیں کہ انھیں ٹی وی سے پتا چلا ہے۔ لوگ بجلی، آٹا، چینی کی قیمتوں میں اضافے کی شکایت کرتے تو وزیراعظم کی جانب سے ہدایت آتی ہے گھبرانہ نہیں، کبھی وعظ کیا جاتا ہے کہ سکون قبر میں ملے گا۔ موجودہ حکومت کے دور میں ادویات کی قیمتوں میں پانچ سو فیصدتک اضافہ ہوا۔ غریب کو ہسپتال سے ڈسپرین کی گولی نہیں ملتی۔ پہلے گندم سمگل ہوئی پھر شارٹیج آئی اور بعد میں درآمد کی گئی۔ آٹا، چینی، ادویات، پیٹرول سمیت تمام سکینڈلز میں حکومتی افراد کے نام آئے، آج تک کارروائی نہیں ہوئی۔ نوجوان نسل تباہی اور ڈپریشن کا شکار ہو رہی ہے۔ 70لاکھ نوجوان نشے کے عادی، حکومتی وزرا خود تسلیم کر رہے ہیں کہ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں 55فیصد طالب علم نشہ کرتے ہیں۔ عدالتوں میں انصاف نہیں ملتا،تربیلا ڈیم کے متاثرین کے حق میں فیصلہ ساٹھ سال بعد آیا، شاید اب متاثرین کی ہڈیا ں بھی قبروں میں نہ ملیں۔ یہ کہاں کا نظام ہے جہاں دو سو روپیہ نہ دینے پر بجلی کا میٹر کاٹ لیا جاتا ہے اورکروڑوں کے ڈیفالٹرز کو کوئی نہیں پوچھتا۔ جماعت اسلامی کی جنگ ظالمانہ نظام کے خلاف ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان قرآن کی جیتی جاگتی تفسیر بنیں۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اسلامیان پاکستان کا ایجنڈا ملکی بھی ہو اور آفاقی بھی۔ ہماری تربیت گاہوں کا مقصد انسانوں کی دنیاوی و اخروی فلاح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ میں مالاکنڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے افرادکی بڑی تعداد شریک تھی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题