کپاس کے کاشتکاروں کو منظور شدہ اقسام کا بیج و دیگر زرعی مداخل سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے۔ حسین جہانیاں گردیزی

Published on March 15, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 91)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)کپاس ہمارے ملک کی اہم ترین فصل ہے۔موجودہ حکومت کپاس کی سابقہ حیثیت کی بحالی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔امسال کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا بیج و دیگر زرعی مداخل سبسڈی پر فراہم کیا جائے گا جس سے آئندہ فصل پر کیڑوں کے حملہ کے امکانات قدرے کم ہو جائیں گے ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ کپاس کی پلاننگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی نے کمیٹی کو کپاس کی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کپاس کی سابقہ فصل پرکیڑوں کے حملہ کے کا نوٹس لیتے ہوئے کپاس کی آئندہ فصل کے لئے آئی پی ایم پریکٹسیز پرعملدرآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس کے علاوہ کپاس کی آئندہ فصل کے لئے محکمہ زراعت کا منظور شدہ بیج کی کاشتکاروں کو یقینی فراہمی پر زور دیا اور جعلی بیج مافیا کے خلاف قانونی کاروائی کرنے کی بھی ہدایات کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ کپاس کی نئی اقسام کی ترویج کے لئے بریڈرز رائٹس کے لئے ایس او پیز ترتیب دئیے جائیں تاکہ تکینکی طور پر ماہرین کی ڈویلپ کردہ اقسام کی منظوری دی جائے۔اس کے علاوہ کوئی بھی این جی او محکمہ زراعت کی منظوری کے بغیر کپاس کے کاشتکاروں کو کسی قسم کی تکنیکی راہنمائی فراہم نہ کرے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت نے کپاس کی سابقہ فصل کی بہتر پیداوار پر محکمہ زراعت کے افسران کو خراج تحسین پیش کی۔ اس کے علاوہ آئندہ کپاس کی پیداوار میں بہتری کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے کپاس کی آئندہ فصل کو کیڑوں سے بچانے کیلئے جعلی زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم میں تیزی لانے اور مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ کپاس کی بحالی ایک چیلنج ہے جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کر نا ہو گا۔ امسال کپاس کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کا اجراء کیا جا چکا ہے جس کے ذریعے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے آئی پی ایم مینول کو اپ ڈیٹ کر کے کاشتکاروں تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی، ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) ڈاکٹر محمد اختر،ڈائریکٹر جنرل (پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول) ڈاکٹر محمد اسلم،چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود اورڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر صغیر،ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes