بچوں کی خوشیوں اور فلاح وبہبود کا ہر سطح پر خیال رکھناچاہئے؛ ڈاکٹر فیصل عظیم

Published on May 13, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 77)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے کہاہے کہ خصوصی بچوں کی خوشیوں اور فلاح وبہبود کا ہر سطح پر خیال رکھناچاہئے تاکہ ان میں کبھی بھی احساس محرومی پید ا نہ ہواور وہ قومی ترقی کے دھارے میں شامل رہیں۔ انہوں نے یہ بات تنظیم اللسان کے زیر اہتمام خصوصی بچوں کیلئے مرکزی کیمپس میں منعقدہ عید ملن پارٹی میں بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کہی جس کیلئے صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا کی طرف سے تعاون کیاگیاتھا۔عید ملن پارٹی میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مزمل یار، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عائشہ جمیل، سوشل ویلفیئر آفیسرز رانا کاشف نثار، طیب بھٹی، صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد، جنرل سیکرٹری سبحان علی، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد قاسم، پریس سیکرٹری غلام ربانی، پرنسپل کلثوم افتخار، وائس پرنسپل شائستہ ارشاد ودیگر عمائدین شہر اور بچوں کے والدین بھی عید ملن پارٹی میں شریک تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے خصوصی بچوں کیلئے اجتماعی خوشیوں کا اہتمام کرنے پر تنظیم اللسان کے شاندار اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ تعلیم وتربیت وبحالی کی سرگرمیوں کے ساتھ کے خصوصی بچوں کو مذہبی تہواروں کی خوشیوں و دیگر سماجی تقریبات میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا بھی ان کی فلاح وبہبود کی سرگرمیوں کی اہم کڑی ہے اور اس نوعیت کے پروگرامز کا سلسلہ جاری رہناچاہئے۔ انہوں نے خصوصی بچوں کو پلے گروپ سے پوسٹ گریجوایشن تک کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے تنظیم اللسان کی فلاحی خدمات کو بے حد سراہتے ہوئے اپنے ادارے کی طرف سے ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مزمل یار نے سپیشل ایجوکیشن سیکٹر میں تنظیم اللسان کی نمایاں فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ خصوصی بچوں کیلئے عید ملن پارٹی کا اہتمام قابل ستائش اقدام ہے جس سے انہیں خوشی و مسرت کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عائشہ جمیل نے بھی خصوصی تعلیم کے طلباوطالبات کیلئے عید ملن پارٹی کے انعقاد کو سماجی خدمت کا فریضہ قرار دیا اور کہا خصوصی تعلیم کے میدان میں اس این جی او کی خدمات مثالی ہیں۔ صدرتنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ خصوصی بچوں کی حوصلہ افزائی سے ان میں آگے بڑھنے اور ترقی کی جستجو پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے عید ملن پارٹی میں خصوصی بچوں کیلئے تحائف فراہم کرنے پر صدر انجمن تاجران سٹی خواجہ شاہد رزاق سکا کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کی صحت وسلامتی اور درازی عمر کی دعاکی۔ خواجہ شاہد رزاق سکا نے اپنے پیغام میں خصوصی بچوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ خصوصی افراد کی بحالی کے لئے بھر پور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم اور دیگر مہمانوں نے خصوصی طالب علموں کی کلاسز میں جاکر ان میں عید گفٹ تقسیم کئے اور ان سے پیار محبت اور شفقت کا اظہار کیا۔ وہ خصوصی بچوں میں گھل مل گئے اور ان کی مکمل بحالی صحت کی دعا کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy