گوگل نے اپنا ڈوڈل معروف گاما پلوان سے منسوب کردیا

Published on May 22, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 127)      No Comments

دہلی(یواین پی)52 برس ناقابل شکست رہنے والے گاما پہلوان کے 144 ویں یوم پیدائش پر گوگل نے ڈوڈل کے ذریعے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ غلام حسین المعروف گاما پہلوان کے 144 ویں یوم پیدائش پر گوگل نے انھیں ڈوڈل کا حصہ بنایا ہے، وہ 22 مئی 1878 کو بھارتی شہر امرتسر میں پیدا ہوئے، صرف 10 برس کی عمر میں نامی گرامی پہلوانوں کو چت کر کے ہندوستان بھر میں شہرت کے جھنڈے گاڑے۔دنیا بھر میں فن پہلوانی میں نام کمانے کے لئے 1910 میں لندن میں دنیا بھر کے پہلوان کو چیلنج کیا اور زیبسکو کو ہرا کر رستم زمان کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور سونے کی بیلٹ کے حقدار بھی قرار پائے، ان کا یہ اعزاز 109 برس گزر جانے کے باوجود آج بھی قائم ہے۔ وطن واپسی پر ایک بار پھر رحیم بخش سلطانی والا کے ساتھ جوڑ پڑا اور اس بار رحیم بخش کو ہرا کر رستم ہند کا تاج سر پر سجایا۔گاما پہلوان کی خوراک میں روزانہ 15 لیٹر دودھ، 3 کلومکھن، بکرے کا گوشت، 20 پاﺅنڈ بادام اور پھلوں کی3 ٹوکریاں شامل ہوا کرتی تھیں،ان کا سارا خرچہ مہاراجہ پٹیالہ خود برداشت کرتے تھے۔ 40 پہلوانوں کے ساتھ کشتی کی تربیت ، 5 ہزار بیٹھک اور 3 ہزار ڈنڈ لگانا ان کا روز کا معمول تھا۔زندگی کے آخری ایام میں بیمار ہوئے لیکن حکومت نے ان کے علاج میں خاص دلچسپی ظاہر نہ کی اور فن پہلوانی کا یہ روشن ستارہ82 برس کی عمر میں23 مئی 1960 کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ڈوب گیا، گاما پہلوان دنیائے پہلوانی کا ایک ایسا بادشاہ تھے جس کی جگہ آج تک کوئی نہیں لے سکا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Themes