محکمہ زراعت پنجاب کی موسم گرما میں ترشاوہ باغات کی بہتر مینجمنٹ بارے سفارشات جاری

Published on May 22, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 102)      No Comments

اوکاڑہ(یو این پی/شیخ ندیم شیراز ) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ ترشاوہ پھل 40ڈگری سینٹی گریڈ تک کا درجہ حرارت برداشت کر لیتے ہیں مگر جب یہ 40ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو ترشاوہ پھلوں کیلئے پتے اپنا طویل پھیلاؤ برقرار نہیں رکھ سکتے اور زردی مائل ہو جاتے ہیں اُن میں سبز پن ختم ہو جاتا ہے جسکی وجہ سے پتے جوکہ قدرت کی طرف سے کاربوہائیڈریٹ یعنی نشاستہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نشوو نما کے مراحل سے گزرتے ہوئے پھل کو نشاستہ نہیں دے پاتے جس کی وجہ سے پھل زردی مائل ہو کر گرنا شروع ہو جاتا ہے۔ نشو و نما کے ابتدائی مراحل میں اُسکے سائز یعنی جسامت میں کمی رہ جاتی ہے جس سے پیداوار کے علاوہ دیگر خصوصیات بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔باغبان موسم گرما کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے پودوں کو زیرِ مشاہدہ رکھیں جونہی ان کے پتے پثر مردگی کی طرف مائل ہوتے ہوئے نظر آئیں تو پودوں کو فوراََ پانی لگادیں۔ ٹینشو میٹر کا پیمانہ جب 40تک پہنچ جائے تو باغبان آبپاشی میں لا پرواہی نہ کریں اور پودوں کو فوراََ پانی لگا دیں۔ایسے اقدامات کیے جائیں جن کی وجہ سے زمینی نمی کا اخراج کم سے کم ہو اور زمین میں نمی زیادہ دیر تک برقراررکھنے کی صلاحیت پیدا ہو سکے۔باغبان اگر زمین میں 10سینٹی میٹر موٹائی تک خصوصاََ درختوں کے پھیلاؤ کے نیچے آنے والی زمین پر گھاس پھوس کی تہہ بچھا دیں جس کو ملچنگ کہتے ہیں زمینی درجہ حرارت کو معتدل حالت میں رکھتے ہوئے پانی کے ضیاع کو روکے گی۔ زمین ٹھنڈی رہے گی، زمینی نامیاتی مادہ بڑھے گا جسکی وجہ سے پھلدار پودوں پر بہتر اثرات مرتب ہونگے۔ تنے کی چھال کو پھٹنے سے روکنے کیلئے زمین سے ڈیڑھ فٹ اوپر تک چونے اور نیلے تھوتھے کا محلول بنا کر لگا دیا جائے تو پودوں کے تنوں کو سورج کی گرم شعاعوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے جس کی وجہ سے تنے کی چھال پھٹنے سے محفوظ رہے گی اور تنے سے گوند نکلنے والی بیماری یعنی سٹرس گموسس سے بھی محفوظ رہے گی۔باغبان اس بات کا خصو صی خیال رکھیں کہ موسم گرما میں باربار ہل نہ چلائیں اور نہ ہی گہری گوڈی کی جائے ایک دفعہ ہل چلا کر سہاگے کے ذریعے وترکو محفوظ رکھا جائے موسم گرما میں باربار ہل چلانے کی وجہ اسکی جڑیں شدت گرمی کی وجہ سے گل سڑ جاتی ہیں اور پودا انحطاط کی طرف مائل ہو جا تا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy