پچھلی حکومت نے جو معاہدے کئے وہ ہمارے گلے پڑ گئے، رانا ثنااللہ خان

Published on July 4, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 63)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ پچھلی حکومت نے جو معاہدے کئے وہ ہمارے گلے پڑ گئے اوران معاہدوں کی روشنی میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے پیٹرول مہنگا کرنے کے بغیر کوئی چارہ نہ تھاجبکہ مہنگائی بڑھنے کی ایک وجہ پچھلے ساڑھے تین سال کی بیڈ گورننس بھی تھی۔وہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں ویلفیئر گرانٹس، ٹیلنٹ سکالر شپس،میرج گرانٹس کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے موقع پرسابق ایم این میاں منان،حاجی اکرم انصاری،سٹی صدر مسلم لیگ(ن) شیخ اعجاز،امان اللہ ایم پی اے گوجرانوالہ، حیدر خان ایم پی اے،سیکرٹری محنت و انسانی وسائل پنجاب لیاقت علی چٹھہ، لیبر لیڈر حاجی اسلم وفا،وائس چانسلر پنجاب میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری، ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف، لیبر ونگ کے صدر و سیکرٹری، محکمہ لیبر کے افسران سمیت مزدوروں کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ساڑھے تین ارب کی رقم مزدوروں میں تقسیم کی جارہی ہے کیونکہ حکومت سمجھتی ہے کہ آج کے دور میں مزدور کو ایک ایک روپے کی ضرورت ہے مگرانتہائی شرم کی بات ہے کہ پچھلی حکومت نے مزدوروں کے فنڈز نہیں دئیے اور پیسے ہونے کے باوجود مزدوروں کو رقم تقسیم نہیں کی گئی یہی وہ نالائقیاں ہیں جس کی وجہ سے نااہل حکومت کو ختم کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ساڑھے تین سال تک مزدور کا خیال نہیں آیالیکن جس دن سے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ [پنجاب حمزہ شہبازنے ذمہ داری سنبھالی اس دن سے عام آدمی کیلئے کام شروع کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد نے درخواست کی کہ تنخواہیں بڑھائیں جس پر ان کی درخواست قبول کرلی گئی۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی سے ہمارا تعلق بہت گہرا ہے لیکن پھر بھی ہمیں مہنگائی کا کہا جاتا ہے کہ یہ کیوں ہورہی ہے حالانکہ مہنگائی بڑھنے کی صرف ایک وجہ ہے وہ ہے سابق حکومت کی غلط پالیسیاں اور نالائقیاں جس سے ہمیں آج یہ دن دیکھنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ پیٹرول کی قیمتیں ہیں اور پیٹرول مہنگا ہونے پر انہوں نے بہت دکھ کا اظہار کیاجبکہ سب سے زیادہ دل محمد نواز شریف کا دکھالیکن پیٹرول مہنگا کرنے کے بغیر کوئی چارہ ہی نہیں تھا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کا اصرار تھا کہ سبسڈی ہر صورت ختم اور لیوی پچاس روپے کرنی ہے لیکن عمران خان نے سبسڈی ختم کرنے کی بجائے بڑھا دی لہٰذا اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوتا تو نہ کوئی ہمیں تسلیم کرتا اور نہ کوئی پیسہ دیتا۔انہوں نے کہا کہ ہم تو الیکشن کے لیے تیار تھے اور اتحادیوں کو بھی راضی کرلیا تھالیکن اگر قائم مقام حکومت بنا دیتے تو ملک فوری دیوالیہ ہونے کی طرف جانا تھااسلئے ہم نے فیصلہ کیا کہ ملک بچانے کے لیے مشکل فیصلے لیں اسی لئے ہم نے حکومت لے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ سب کچھ اس لئے بتایا کہ وہ لوگ جو آج کے حالات کی وجہ ہیں وہ یہ باتیں کررہے ہیں حالانکہ انہوں نے اپنی حکومت میں سوائے انتقامی کارروائی کے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ سامنے لے آئیں تو دیکھیں اس پر شوکت ترین کے سائن ہیں جبکہ سبسڈی زیرو کرنے اور لیوی پچاس روپے کرنے پربھی دستخط شوکت ترین نے ہی سائن کررکھے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes