عمران نیازی کی طرح انتقامی سیاست نہیں کروں گا: وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز

Published on July 14, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 52)      No Comments

لاہور (یواین پی)وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پارٹی اجازت دیتی تو استعفیٰ دے کر ضمنی الیکشن لڑرہا ہوتا۔ سیاست نہیں ریاست بچانا مقصد ہے۔ عمران نیازی کی طرح انتقامی سیاست نہیں کروں گا۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود سے ملاقات کے بعد ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارا اتحاد حکومت بنانے کا اتحاد نہیں ہے بلکہ ملک و قوم کے لئے ہم اکٹھے ہوئے ہیں۔ہم سیاست کے لئے اکٹھے نہیں ہوئے۔4 سال گلیوں چوراہوں میں کوڑے کے ڈھیر ملتے تھے لیکن لاہور سمیت پنجاب میں عید الاضحٰی پر صفائی مثالی رہی۔ہم نے کابینہ کے بغیر بھی عوام کی فلاح کے لئے کام کیا۔ہم نے سستا آٹا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار 100 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا پروگرام بنایا۔عمران نیازی خود تو کچھ کر نہ سکے اور مفت بجلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن چلے گئے اور اس پر حکم امتناعی لے لیا۔ عمران نیازی نے توشہ خانے سے دوست ممالک کی جانب سے دی گئی گھڑیوں خرید کر بیچ دیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ آج پاکستان ہم سے قربانی مانگ رہا ہے۔دعا گو ہوں کہ اللہ مجھ سے عوام کی خدمت کا کام لے۔17 جولائی کو ہمارا اتحاد عوام میں پذیرائی پا کر 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔جیت کر ہم عمران نیازی کی طرح انتقامی سیاست نہیں کریں گے بلکہ ہم نے مل کر ملکی معیشت کو بہتر کرنا ہے۔ہم نے ایسے فیصلے کئے کہ جن کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔اب وقت آ گیا ہے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ دیا جائے۔آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔وسیم اکرم پلس کے نام پر صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔عمران نیازی کی باتوں کا جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتا۔فرح گوگی اور احسن جمیل پنجاب کو لوٹ کر کھا گئے۔ عمران نیازی اپنی جھوٹی سیاست کے پیچھے انتشار پھیلانے چاہتا ہے۔ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کو خوشحال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔کوئی ایک سیاسی جماعت ملک کی کایا نہیں پلٹ سکتی، سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ملک کو آگے لے جانے کے لئے نفرتوں کو ختم کرنا ہو گا۔عمران نیازی کو داد دیتا ہوں کہ وہ نمبر ون جھوٹے ہیں۔ 17 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ آج وزیراعلی حمزہ شہباز کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے دوستوں سے ملاقات ہوئی اور ہم نے 17 جولائی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دی۔اس حوالے سے دونوں جماعتوں کی قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ہم مل جل کر جنوبی پنجاب میں ضمنی انتخابات میں اچھا رزلٹ دینگے۔پچھلے 4 سالوں میں ملک میں پیدا کئے گئے بگاڑ کو ٹھیک کرنے میں بڑی ہمت درکار ہو گی۔ہم نے اتفاق رائے کیا کہ ہم نے مل کر پاکستان کو سوچنا ہے اور اپنی سیاست کو ایک طرف رکھنا ہے۔قبل ازیں وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود میں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اورضمنی انتخابات کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کی گئی۔سردار ایاز صادق،خواجہ احمد حسان، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، سید حسن مرتضی، مخدوم عثمان احمد اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme