پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا، کور کمانڈر 12کور سمیت 6 افراد سوار تھے

Published on August 2, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 62)      No Comments

کوئٹہ (یواین پی) پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کے لیے جانے والے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کا رابطہ منقطع ہو گیا۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایک ہیلی کاپٹر جو لسبیلہ، بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں پر تھا، اس کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد ہیلی کاپٹر میں سوار تھے، جو بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کے ہمراہ ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد بھی سوار تھے۔ اے آر وائی نیوز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر 5 گھنٹے قبل لاپتہ ہوا۔بتایا گیا ہے کہ جس علاقے میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوا، اس علاقے میں سیلابی صورتحال ہونے اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کے باوجود سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف ہیں۔ جبکہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes