کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل سے فوری جڑی بوٹیوں کی تلفی اور کھادوں کے بروقت استعمال کی ہدایت

Published on September 22, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 163)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)کاشتکاروں کوسورج مکھی کی فی ایکڑ بہتر پیداوار کیلئے فصل سے جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی، چھدرائی اور کھادوں کے بروقت استعمال کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کے بعد جڑی بوٹیوں کی تلفی، چھدرائی اور کھادوں کے استعمال پرخصوصی توجہ دیں۔جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں سے کہاکہ سورج مکھی کی فی ایکڑ پیداوار پر اثرانداز ہونے والے عوامل میں زیادہ توجہ طلب امر جڑی بوٹیوں کی موجودگی ہے کیونکہ ان کی کثیر تعداد اور تیز روئیدگی فصل کو خوراک، پانی اور روشنی سے محروم کر دیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پہلے آٹھ ہفتے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سورج مکھی کی جڑی بوٹیاں ختم کرنے کیلئے گوڈی کی جائے یا پھر محکمہ زراعت کے مشورے سے بوٹی مار زہریں استعمال کی جائیں نیز اگر افرادی قوت موجود ہو تو گوڈی بہترین طریقہ ہے تاہم اگر گوڈی کی سہولت میسر نہ ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی ماہرین کے مشورے سے جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ اگاؤکے بعد جب فصل چار پتے نکال لے تو فصل کی چھدرائی کی جائے اور چھدرائی کے وقت پودے سے پودے کا فاصلہ 9انچ رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پہلے اور دوسرے پانی کے ساتھ آدھی بوری یوریا اور پھولوں کی ڈوڈیاں بنتے وقت ایک بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کرکے بہتر پیداوار کاحصول ممکن بنایاجاسکتاہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题