وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد

Published on October 9, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 36)      No Comments

لاہور(یواین پی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے عید میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نبی کریم ؐ تمام انبیاء کرام کے سردار ہیں۔اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر دنیا میں بھیجا اور پوری کائنات کو رشد و ہدایت نصیب ہوئی۔نبی پاک ؐ نے جہالت کے اندھیرے میں ڈوبے ہوئے عرب کو ایک مہذب قوم بنایا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے عید میلادالنبیؐ پر اپنے پیغام میں کہا کہ حضورکریمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔ حضور پاکؐ نے خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر انسانی حقوق کا مکمل ضابطہ پیش کیا۔آپؐ نے فتح مکہ پر دشمنوں کو معاف کرکے ایک عظیم روایت قائم کی اور آپؐ نے ہی دنیا میں سب سے پہلے خواتین اور اقلیتوں کو حقوق دیئے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نبی پاکؐ کی زندگی تمام عالم کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہے۔حضور اکرم ؐ کا فرمان ہے کہ اچھا مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے محفوظ رہیں۔ آپؐ نے حکومتی معاملات میں بددیانتی کی ممانعت کی۔نبی کریمؐ امن کے پیامبر ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آج دنیا بد امنی، بے راہ روی، اخلاقی و معاشرتی زوال کا شکار ہے۔ان تمام برائیوں کا سبب نبی پاکؐ کی تعلیمات سے دوری ہے بلاشبہ نبی پاکؐ کے اسوہ حسنہ کو مشعل راہ بنا کر ہی دنیا امن و آشتی کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ حضرت محمدؐ سے محبت کا عملی تقاضا ان کی سیرت اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ؐ کی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس بابرکت دن کی مناسبت سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسنِ انسانیت حضور اقدسؐ کی شفاعت نصیب فرمائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes