آل پاکستان پرائیویٹ سکول الائنس کے زیراہتمام اقبال سٹیڈیم میں منعقدہ ”اینٹی ڈینگی بچوں کا میلہ“کا افتتاح

Published on December 7, 2022 by    ·(TOTAL VIEWS 50)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے سماجی تعاون ناگزیر ہے اس سلسلے میں لوگوں کی آگہی کے لئے میلوں سمیت دیگر پروگرامز کے انعقاد کا تسلسل قابل ستائش ہے۔انہوں نے یہ بات آل پاکستان پرائیویٹ سکول الائنس کے زیراہتمام اقبال سٹیڈیم میں منعقدہ ”اینٹی ڈینگی بچوں کا میلہ“سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدر آل پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت حسین لودھی کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران اور ہزاروں کی تعداد میں طالب علم اینٹی ڈینگی میلہ میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کے ایکشن پلان پر ذمہ داری سے عملدرآمد کیا جارہا ہے تاہم ڈینگی سے مکمل چھٹکارے کے لئے انسدادی واحتیاطی تدابیر پر بھرپوراحساس کے ساتھ عمل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ طالبات ایک گھر کی سربراہ ہونے کے ناطے ڈینگی کا موجب بننے والے عوامل کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے گھروں میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھیں بلکہ ارد گرد کی خواتین اور عزیزواقارب کو بھی ڈینگی سے بچاؤ کے لئے صاف ستھرے ماحول کو برقرار رکھنے سے متعلق ترغیب دیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کوڈینگی سے بچاؤ کے لئے جاری اقدامات میں کسی لمحہ بھی کمی نہیں آئے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اینٹی ڈینگی میلہ کے کامیاب انعقاد پر پرائیویٹ سکول الائنس کے شاندار اقدامات کو سراہا اور کہا کہ بچوں کوتعلیم کے ساتھ ساتھ تفریح کی سہولتیں فراہم کرنا بھی نصاب کا اہم حصہ ہے جس سے ان کی فکری و ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ موسمی درجہ حرارت میں کمی کے باعث ڈینگی کی افزائش کا عمل رک جاتا ہے تاہم احتیاط کا دامن کبھی بھی ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکول الائنس صداقت حسین لودھی نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کا میلہ ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جاتا ہے جس میں تعلیمی اداروں کے ہزاروں کی تعداد میں طالب علم شرکت کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سکولوں کے پرنسپلز سے انسداد ڈینگی اقدامات پر عمل پیرا رہنے کا حلف بھی لیا۔اینٹی ڈینگی میلہ میں سکولوں کے بچوں نے ڈینگی فری پاکستان کا خوبصو رت نغمہ بھی پیش کیا میلہ میں طالبات کے لئے اونٹ وبگھی کی سوار ی،جھولے،کھانے پینے کے سٹالز اور بچوں کی دلچسپی و تفریح کے دیگر وارئٹی پروگرامز کا بھی بندوبست کیا گیاتھا۔قبل ازیں بینڈ کی دھنوں اور جھومر ڈانس پر مہمانوں کا استقبال کیا گیا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes