کاشتکارگندم کی کُنگیکے کنٹرول کے لئے فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں؛ محکمہ زراعت پنجاب

Published on February 4, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 70)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی /ایم ایس مہر)محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ گندم ہمارے ملک کی ایک اہم فصل ہے۔ موجودہ موسمی تناظر میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث گندم کی فصل پر کُنگی کا حملہ کا امکان موجود ہے۔اس لئے کاشتکار اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بھوری کُنگی کے پھیلاؤکیلئے موزوں ترین درجہ حرارت20 تا25،زرد کنگی کیلئے10 تا20اورسیاہ کنگی کیلئے20 تا35ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔بھوری یا خاکی کُنگی کے حملہ کی صورت میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔اس بیماری کا حملہ عام طور پر پودے کے پتوں پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے خاکی رنگ کے دھبے لائنوں کی بجائے بے ترتیب اور منتشر ہوتے ہیں۔ بڑھوتری کی اگیتی حالت میں حملہ ہونے پر پودے کمزور ہو جاتے ہیں اور پودے کا خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ گندم پر حملے کی صورت میں فی ایکڑپیداوار میں 10 سے 30 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔زرد کنگی کا حملہ پتوں پر ہی ہوتا ہے جبکہ انتہائی شدید حملے کی صورت میں سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں۔اس کی پہچان یہ ہے کہ پودے کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں یا لائنوں میں صف بستہ ہوتے ہیں۔ وبائی حملے کی صورت میں اس کا نقصان بھوری کنگی سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔سیاہ کنگی کے حملے کی صورت میں عموماً بھورے یا کالے رنگ کے دھبے پتوں کی ڈنڈیوں یا تنے پر ظاہر ہوتے ہیں جو کہ بعد میں پھٹ جاتے ہیں اور سیاہ رنگ کا سفوف باہر نمودار ہوتا ہے۔ کاشتکار گندم کی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور فصل پرکنگی کے حملہ کی صورت میں بیماری کا شکار پودوں کو جڑ سمیت اکھاڑ کر گڑھا کھود کر زمین میں دبا دیں اورپھپھوندکُش زہروں کا استعمال محکمہ زراعت (توسیع یا پیسٹ وارننگ) کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے کریں۔مزید براں گندم کے کاشتکار دستانوں کا استعمال کرتے ہوئے کنگی کے حملہ کی صورت میں صرف متاثرہ پتوں کو توڑ کر زمین میں دبا دیں تاکہ بیماری کا پھیلاؤ نہ ہو سکے۔اس کے علاوہ کاشتکار گندم کی فصل میں نائٹروجن کھاد کا استعمال انتہائی ناگزیر صورت میں کریں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes