اوکاڑہ(یواین پی/شیخ ندیم شیراز) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے کہا ہے کہ ضلع میں مردم شماری کے انتہائی اہمیت طلب کام کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنے کے لئے تمام اداروں کی مربوط کاوشیں وقت کا تقاضا ہیں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں افسران مردم شماری کے کام کی نگرانی اور اس کو بہتر انداز اور احسن طریقہ سے مکمل کرنے کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں مردم شماری کے جاری کام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین،اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن خورشید جیلانی،سیکریٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصی غفور،سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ،ادارہ شماریات کے تحصیل کو آرڈنیٹر شکیل احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان نے کہا کہ مردم شماری کا عملہ اپنی مخصوص جیکٹ اور ٹوپی پہن کر یہ خدمت سر انجام دے اور اس کے پاس شناخت کے لئے جاری کیا گیا کارڈ بھی ہمہ وقت دستیاب ہو چاہیے انہوں نے یقین دلایا کہ کام کرنے والی ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اس معاملہ کا جائزہ لیا جارہا ہے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی اپنی تحصیلوں میں نمبرداران اور یونین کونسل کے سیکریٹریوں کو مردم شماری کے لئے کام کرنے والی ٹیموں کی معاونت کا پابند بنائیں۔