قوم اس فسادی اور ملک دشمن کو ووٹ کی طاقت سے اٹھا کر سیاست سے باہر پھینک دے گی رانا ثنااللہ خان

Published on March 20, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 43)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے بھی اپنے چار سالہ دور اقتدار میں انتہائی گھٹیا انداز میں اپنے سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے و بے بنیاد مقدمات بنائے اور ان پر بھی منشیات کا جھوٹا مقدمہ قائم کرکے ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس اور شہر یار آفریدی کا ناجائز استعمال کرنے کی کوشش کی اور باقی سیاسی مخالفین کو بھی نہ بخشا مگر ان مقدمات کا کیا بنا جو یہ مزید مقدمات بناکر کچھ نکال لے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے یو این پی سے خصوصی گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ اس فتنہ خان نے نہ صرف نواز شریف بلکہ ان کی بیٹی مریم نواز کو بھی نہ بخشا لیکن یہ اپنے چار سالہ دور میں کچھ ثابت نہ کرسکا مگر اب مریم نواز اس کا سب کچھ ایکسپوز کررہی ہے اور اسے مریم نواز سے شدید خطرہ ہے کہ وہ اس کی سیاست ختم کردے گی اسی لئے اسے کبھی کس نام سے پکارتا ہے اور کبھی کس نام سے لیکن ہم وہ زبان استعمال کرتے ہوئے شرم محسوس کرتے ہیں جو یہ فتنہ کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم اس فتنے کی شناخت کرچکی ہے لہٰذا اب الیکشن جب بھی ہوں قوم اس فسادی اور ملک دشمن کو ووٹ کی طاقت سے اٹھا کر سیاست سے باہر پھینک دے گی۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان نے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا اور نواز شریف نے جس محنت سے ملک کو معاشی استحکام کی پٹڑی پر گامزن کیا تھا، دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ کیا تھا، ملک سے بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی اس نے ملک کو دوبارہ اسی نہج پر پہنچا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اپریل میں دو اسمبلیوں کے انتخابات ہوگئے تو یہ ملک کو مزید انارکی کی طرف دھکیل دیں گے کیونکہ آئین میں جو سکیم دی گئی ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن اکٹھے ہوں یہ اس طرز پر نہیں ہورہے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمنی عمران خان کا ایجنڈا ہے اسی لئے اس نے اسمبلیاں توڑیں اور وہ کبھی لانگ مارچ اور کبھی عدلیہ کی حکم عدولی کو اپنا طرز عمل بنائے ہوئے ہے لیکن اس کی یہ غنڈہ گردی اب مزید نہیں چلے گی کیونکہ قانون اپنا راستہ بنائے گا اور قانون شکنوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کو بے غیرت کہہ رہے ہیں لیکن یہ بتائے کہ خود ان میں کتنی غیرت ہے اسلئے پہلے انہیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان دھمکیاں دے رہاہے کہ جو افسران قانون کی عملداری کیلئے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان سے نمٹ لوں گا یہ کھلی دہشت گردی اور غنڈہ گردی ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا ئے گا اور نہ ہی ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی روکی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ4 سال جھوٹ بولتے رہے اور اپنے دور حکومت میں لوگوں پر جھوٹے مقدمے کرواتے رہے اس وقت آپ کو کوئی خیال کیوں نہیں آیا اب آپ کہہ رہے ہیں کہ میری اہلیہ گھر میں اکیلی تھی، آپ کے گھر سے جو چیزیں سامنے آئیں وہ بتاتے ہوئے بھی شرم آتی ہے،آپ کہتے ہیں میری اہلیہ کا سیاست میں کوئی حصہ نہیں حالانکہ توشہ خانہ لوٹ مارسمیت ہر چیز میں اس کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے نواز شریف کی جیل میں موجودگی کے باوجوداس کی بیٹی کو گرفتار کروایالیکن اب ڈرامہ کر رہے ہو میرے گھر میں پولیس چلی گئی ہم پوچھتے ہیں کہ آپ نے کس قانون کے تحت مسلح شر پسند و دہشت گرد افراد کو اپنے گھر رکھا ہوا تھا اورعدالت کے حکم پر بار بار وارنٹ کی تعمیل کروانے کی کوشش کی گئی تو اس وقت عدالت میں کیوں پیش نہیں ہوئے اور اب کہتے ہو میری جان کو خطرہ ہے اس طرح تم اپنے جرائم نہیں چھپاسکتے اور تمہیں قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب پولیس پارٹی پر تشدد کیا گیا فائرنگ کی گئی اس کے نتیجہ میں پولیس زمان پارک گئی مگرجو لوگ وہاں تھے ان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ شرپسند تھے، کیا وہاں پر پولیس پر پتھراؤنہیں کیا گیا،پولیس کی گاڑیاں نہیں جلائی گئیں،ان پر پٹرول بم نہیں پھینکے گئے،ان پر فائرنگ اور شیلنگ نہیں کی گئی،مگر اب یہ جھوٹ مزید نہیں چلے گا کیونکہ ساری دنیا اور میڈیا نے دیکھا وہاں کیا کچھ ہوتا رہا۔مریم نواز تم کو ہر روز ایکسپوز کرے گی۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خان کہہ رہا ہے کہ حالات خراب ہوگئے ہیں حالانکہ آپ نے پچھلے چار سالوں سے با لعموم اور گزشتہ11 ماہ میں با لخصوص پوری محنت سے حالات خراب کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ سے پہلے کہا تھا کہ میں خود کشی کرلوں گامگر آئی ایف کے ساتھ معاہدہ نہیں کروں گا پھر معاہدہ کر بھی لیا اور اس سے مکر بھی گیا،اس نے معیشت کو تباہ کیااسی لئے اب آئی ایم ایف کہتا ہے کہ پہلے ہماری ہر شرط پوری کرو پھر ایگری منٹ کریں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy