اپریل کے دوسرے پندھرواڑے میں کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری

Published on April 19, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 164)      No Comments

اوکاڑہ(یواین پی) محکمہ زراعت نے اپریل کے دوسرے پندھرواڑے میں کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے حکمت عملی جاری کردی جس کے مطابق کاشتکاروں کو سفارش کی گئی ہے کہ گندم کی کٹائی کے بعد کھیت کو پانی لگائیں وتر آنے پر دو مرتبہ ہل، ایک مرتبہ روٹا ویٹر، ایک مرتبہ لیزر لیولر اور دو مرتبہ ہل چلا کر کھیلیاں بنائیں۔ کھیت کو بھر پور پانی لگائیں وتر آنے پر دو مرتبہ ہل چلائیں پھر راؤنی کریں بعد ازاں ایک مرتبہ ہل، ایک مرتبہ لیزر لیولر اور دو مرتبہ ہل چلانے کے بعد سہاگہ پھیر کر ڈل سے کاشت کریں۔ زمین کی سخت تہہ توڑنے کیلئے 3 سال بعد گہرا ہل سب سائلر چلائیں۔ تین جین والی اقسام (مثلاً سی کے سی 1-، سی کے سی 3-، سی کے سی 6-، حتف 3-) کی کاشت کی صورت میں جب فصل 25 سے 35 دن کی ہوجائے تو وتر کی حالت میں 1750 ملی لٹر گلائیفوسیٹ سپرے کریں۔ اگر کھیت میں جڑی بوٹیاں نہیں ہیں تو یہ سپرے موخر بھی کیا جاسکتا ہے۔ لیکن بہتر یہ ہے کہ پھل آنے سے قبل سپرے مکمل ہوجائے۔ اپریل کاشتہ کپاس میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی یا 4 بوریاں سنگل سپر فاسفیٹ اور ایک بوری سلفیٹ آف پوٹاش فی ایکڑ بیجائی کے وقت استعمال کریں۔ زمین کی زرخیزی کو برقرار رکھنے کیلئے پھلی دار فصلیں مثلاً برسیم، لوسن وغیرہ کو کھیت میں روٹا ویٹ کریں۔ ایک ہی فصل کو بار بار ایک ہی کھیت میں کاشت نہ کریں۔ جن کاشتکاروں نے اگیتی کاشت میں فاسفورسی کھاد استعمال نہیں کی وہ اب نائٹروفاس استعمال کریں تاکہ مناسب بڑھوتری ہوسکے۔ کپاس کی بی ٹی اقسام این این ایچ 1020-، ایم این ایچ 1050-، آئی یو بی 13-، بی ایس 15-، نیاب 878-، سی آئی ایم 600-، سی آئی ایم 663-، نیاب 1011-، نیاب 545-، ایف ایچ 490، ایف ایچ 492 اور نان بی ٹی اقسام نیاب کرن، سائیٹو 124-، جی ایس۔علی 7-، سی آئی ایم 610- اور ان کے علاوہ کپاس کی دوسری منظور شدہ اقسام کا انتخاب اپنے علاقے زمین کی قسم، پانی کی دستیابی اور محکمہ زراعت توسیع کے مقامی عملہ کے مشورہ کی روشنی میں کریں۔ بیجائی کیلئے صحت مند بیج استعمال کریں جس کیلئے 10 کلو گرام بُر والے بیج کی 1 کلو گرام گندھک کے تیزاب سے بُر اتاریں اور بیج کو اچھی طرح دھونے کے بعد پانی کی بالٹی میں ڈالیں جو بیج پانی میں نیچے بیٹھ جائے اسے الگ کرلیں اور اوپر تیرنے والا بیج ضائع کردیں اور بیٹھے ہوئے بیج کو دھوپ میں خشک کریں او ربیج کو کیڑے مار یا پھپھوند کش زہریں لگانے کے بعد سایہ دار جگہ پر خشک کریں۔ اس عمل سے ابتدائی 30 تا 40 دن تک کپاس کی فصل کی بڑھوتری اچھی ہوتی ہے اور رس چوسنے والے کیڑوں اور پھپھوند کش بیماریوں کے حملے سے محفوظ رہتی ہے۔ بیجائی کیلئے بیج کی زیادہ مقدار استعمال کریں تاکہ گرمی کی شدت سے پودوں کے مرنے کے باوجود پودوں کی فی ایکڑ مطلوبہ تعداد حاصل کی جاسکے۔ 75 فیصد اگاؤ والا بر اترا ہوا 8 کلوگرام بیج فی ایکڑ جبکہ 60 فیصد اگاؤ والا بیج 10 کلو گرام فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ پودوں کی تعداد پوری رہے۔ زیادہ بارشوں کی صورت میں فوری طور پر پانی کے نکاس کیلئے شفٹی پمپ یا بورنگ کا استعمال کریں تاکہ اضافی پانی کو فوری طور پر کھیت سے نکالا جاسکے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme