موسم کی تبدیلی کیساتھ ہی لنڈا بازار کی رونقیں بھی دوبالا ہونے لگیں

Published on November 1, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 336)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی/ایم ایس مہر)موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی لنڈا بازار کی رونقیں بھی دوبالا ہونے لگیں جہاں بڑی تعداد میں رضائیوں، کمبلوں، گرم لحافوں، کوٹ، سویٹرز، ونٹر ملبوسات فروخت کیلئے رکھی گئی ہیں، جہاں عوام کا بھی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جہاں دیگر تمام شعبوں میں مہنگائی نے عوام کو بری طرح متاثر کیا ہے وہیں لنڈا بازار بھی مہنگائی کے اثرات سے محفوظ نہ رہ سکا اور لنڈے کے سیکنڈ ہینڈ کپڑوں کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کر نے لگی ہیں۔لنڈا بازار کے دکانداروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ چونکہ لنڈے کے گرم کپڑوں کی گانٹھوں کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی زیادہ ہو گئے ہیں اس لئے مجبوراً انہیں کپڑوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے۔اس موقع پر لنڈا بازار میں آنے والی خواتین نے قیمتوں میں بلا جواز اضافے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اکثر شعبوں میں قیمتوں پرمتعلقہ اداروں کا کوئی کنٹرول اور چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے اسلئے دکاندار غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔اس طرح موجودہ حالات میں غریب افراد کے لیے لنڈے کے کپڑوں کی خریداری بھی ممکن نہیں رہی۔ انہوں نے حکومت سے فوری کارروائی اور قیمتوں پر کنٹرول کے لیے لائحہ عمل کے اعلان کی بھی اپیل کی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog