اسلام آباد(یواین پی)صدر ِمملکت آصف علی زرداری نے قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دیتے ہوئے عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ کے مبارک اور پُرسعید موقع پر پوری پاکستانی قوم، عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قربانی کے عمل کو امتِ محمدیہ ﷺ پر لازم قرار دیا ہے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالی کے نزدیک سب سے عظیم دن قربانی کا ہے۔صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزمائش اور امتحان کی صورت حال میں ثابت قدم رہنا چاہیے، اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمان برداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔انہوں نے قوم سے کہا کہ پوری قوم اخوت، ایثار، محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر ضرورت مند وں کی مدد کرے، قربانی کی اصل روح کو سمجھ کر عملی زندگی میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والے لوگوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔صدرمملکت آصف علی زرداری اپنے آبائی علاقے سندھ کے ضلع نواب شاہ میں عید منا رہے ہیں اور نماز عید بھی نواب شاہ میں ادا کریں گے۔