اسلام آباد/ لاہور (یواین پی) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں آج بروز سوموار17جون2024 عیدالاضحی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، عید الاضحی کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں نمازعید کے اجتماعات ہوں گے جس میں علما ء کرام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالیں گے۔نماز کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اس موقع پر اسلام کی سربلندی، امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ عید کے تینوں روز ملک بھر کے کروڑوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی اداکرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے مختلف اقسام کے جانور اللہ کی راہ پر قربان کریں گے،جن میں چھتروں، بکروں، دنبوں، بچھڑوں، بیلوں اور اونٹوں کی قربانی کی جائے گی، اس سلسلے میں لاہور کے تمام شہریوں نے تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ عید کے روز قصاب مختلف اوقات کار کے مطابق مختلف شرح سے معاوضہ وصول کریں گے۔