حکومت نے طاہر القادری کے معاملے میں عظیم صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، پرویز رشید

Published on June 23, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 284)      No Comments

112233
حکومت نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کیلئے تمام سکیورٹی اقدامات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے
ڈاکٹر طاہر القادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑا گیا،
عوامی تحریک کے کارکنوں نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی صورتحال خراب کی، شدت پسندوں کے ریلیوں میں داخل ہونے اور دہشت گردی کی کوئی بھی سرگرمی کرنا ممکن ہو گیا تھا،
وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید کی ٹی وی چینلوں سے گفتگو
اسلام آباد (یو این پی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے لئے تمام سکیورٹی اقدامات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور ان کے اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ان کے طیارے کا رخ لاہور کی جانب موڑا گیا، حکومت نے تمام صورتحال میں عظیم صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پیر کو مختلف نیوز چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طیارے کا رخ سکیورٹی خطرات کے باعث موڑا گیا کیونکہ وفاقی دارالحکومت میں ہوائی اڈے کے اطراف کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر طاہر القادری کی محفوظ آمد چاہتی تھی اسی لئے انہیں مشورہ دیا گیا اور درخواست کی گئی کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے پرواز کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کی جان بچانا چاہتے ہیں، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کی جانب سے ان کی سکیورٹی کے حوالے سے حکومت کے خلاف الزامات سے گریز کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے جڑواں شہروں میں سکیورٹی صورتحال خراب کی جس کے باعث شدت پسندوں کا ریلیوں میں داخل ہونے اور دہشت گردی کی کوئی بھی سرگرمی کرنا ممکن ہو گیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ڈاکٹر طاہر القادری کو صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم بعض افراد انہیں اکسا رہے تھے اور صورتحال خراب کر رہے تھے جس کی وجہ سے دہشت گردوں کو اپنے اہداف کے حصول میں مدد مل سکتی تھی۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کی کابینہ کے لوگوں کو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کے گرد بھیجا گیا جس کی وجہ سے شکوک پیدا ہوئے کہ طاہر القادری مشرف کے ساتھیوں کو سیاسی زندگی دینے کے لئے پہنچے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے ایک بین الاقوامی طیارہ ہائی جیک کیا اور مسافروں کو یرغمال بنایا، صورتحال ہائی جیکنگ کی طرح تھی کیونکہ طیارے میں سوار زیادہ تر مسافر ان کی اپنی پارٹی سے تھے۔ یواین پی کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی مرتبہ طاہر القادری ملک میں ایسی صورتحال پیدا نہیں کر رہے، وہ اپنے پورے سیاسی کیریئر میں اس قسم کے واقعات کی تاریخ رکھتے تھے، وہ خود ایک ٹھنڈے اور آرام دہ ماحول میں فرسٹ کلاس میں بیٹھے ہوئے تھے جبکہ ان کے ساتھی شدید گرم میں موسم میں سڑکوں پر تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قادری کا ایجنڈا نہ صرف ملک کی ترقی و خوشحالی کا راستہ روکنا ہے بلکہ وہ توانائی کے بحران کے خاتمے اور ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی حکومتی کوششوں کو بھی ختم کرنے کے در پے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس تمام صورتحال میں عظیم صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، طاہر القادری ایسے موقع پر فوج کو سیاست میں ڈالنے کی کوشش نہ کریں جب فوج نے شمالی وزیرستان میں ایک بڑا آپریشن شروع کر رکھا ہے اور ملک کی خود مختاری اور مستقبل کے تحفظ کے لئے لڑ رہی ہے جن سے توجہ ہٹائے جانا مناسب نہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں دہشت گرد صورتحال سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جنہوں نے شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے ردعمل کی پہلے ہی دھمکیاں دے رکھی ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes