بیجنگ (یواین پی)چین کے صدر شی جن پھنگ نے آل چائنا فیڈریشن آف سپلائی اینڈ مارکیٹنگ کوآپریٹوز کے قیام کی سترویں سالگرہ کے موقع پر اپنی اہم ہدایات میں سپلائی اینڈ مارکیٹنگ کوآپریٹوز کو کہا کہ وہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) اور حکومت کے کسانوں کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھنے کے لئے پل کا کردار ادا کریں اور سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹو امور کی اعلی معیار کی ترقی میں ایک نیا باب لکھنے کی کوشش کریں۔شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں کے دوران سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوز نے شہری اور دیہی عوام کی خدمت، دیہی معیشت کی ترقی، غربت کے خاتمے ، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور دیہی احیاء میں فعال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئے دور میں تمام سطحوں کی پارٹی کمیٹیوں اور حکومتوں کو سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوز کے کام کے لئے اپنی حمایت کو مزید مستحکم کرنا چاہئے اور اس طاقت کا بھرپور استعمال کرنا چاہئے۔ صدر شی نے کہا کہ سپلائی اور مارکیٹنگ کوآپریٹوز کو نئے ترقیاتی تصور پر عمل کرنا چاہئے ، فصلوں کی پیداوار اور کسانوں کی زندگی کو بہتر بنانے کی خدمت کرنے اور جدید زراعت کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع پلیٹ فارم کی تعمیر جاری رکھنی چاہئے ، اور دیہی علاقوں کے احیاء کو فروغ دینے اور طاقتور زرعت کے حامل ملک کی تعمیر کو تیز کرنے میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالنا چاہئے۔