دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے قوم میں یکجہتی کی ضرورت ہے، رہنماء پیپلز پارٹی

Published on June 27, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 265)      No Comments

1
اسلام آباد ۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے قوم میں یکجہتی کی ضرورت ہے، ملک اس وقت دھرنوں اور احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا، سانحہ لاہور کی آڑ میں سیاست چمکانے والے کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن و سابق مشیر وزیراعظم پاکستان چوہدری اسلم گل، سابق سینئر مشیر گورنر پنجاب عبدالقادر شاہین اور پیپلز لیبر بیورو پنجاب کے ترجمان و سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل نے پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے سب کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری عمل کی مضبوطی کے لئے حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے جبکہ شریک چیئرمین آصف علی زرداری متعدد بار اس عزم کا اعادہ کرچکے ہیں کہ پیپلز پارٹی جمہوری عمل کو ڈی ریل کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی کیونکہ جمہوریت ملک میں بڑی قربانیوں کے بعد پھل پھول رہی ہے اس کا تسلسل رہنا چاہئے اس لئے حکومت کو بڑے تدبر اوردانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، جمہوریت دشمن عناصر کی چالوں کو سمجھنا چاہئے اورجمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے والوں پر کڑی نگاہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی قوتوں کی اولین ترجیح یہی ہونی چاہئے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی بھرپور کامیابی کیلئے قوم کو متحد رکھا جائے اور افواج کے حوصلے بلند کرنے کیلئے عوام کو منظم و متحرک کرناچاہئے تاکہ دہشت گردوں کے عزائم کوناکام بنایا جاسکے اور وطن عزیز کو ترقی اور امن کے راستے پر گامزن رکھا جاسکے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ وہ قوم کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے قوم میں یکجہتی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اس ضمن میں پیپلز پارٹی ہر قسم کی قربانی دیتی رہی ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور کسی بھی ملک دشمن عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes