فیصل آباد (یو این پی)پنجاب ایجوکیشن بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز کے فیصلے کی روشنی میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادنے کلاس نہم تعلیمی سیشن 26-2024کیلئے طلبا و طالبات کی آن لائن رجسٹریشن، انر دلمنٹ وترمیم شدہ عمر کی حدکا اعلان کردیاہے۔ تعلیمی بورڈفیصل آبادکے ترجمان ساجد نقوی نے بتایا کہ تمام گرلز و بوائز ہائی سکولز کے سربراہان کو مطلع کیا گیا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن بورڈ ز کمیٹی آف چیئر مینزکے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت نہم میں رجسٹریشن اور انرولمنٹ کی بورڈ کی طرف سے مقرر کردہ 12 سال عمر کی حد میں 10ماہ کی رعایت کے بعد نیم انرولمنٹ، رجسٹریشن کی عمر کی حد اب 12 سال کی بجائے11 سال 2 ماہ مقرر کی گئی ہے ۔لہٰذا ترمیم شدہ عمر کی حد11 سال2 ماہ کے مطابق کلاس نہم کے اس تعلیمی سیشن 2024 تا 2026کی انرولمنٹ کروانے کے خواہشمند طلباوطالبات بوساطت ادارہ مقررہ شیڈول کے مطابق اپنی انرولمنٹ کرواسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹوٹل رجسٹریشن فیس2100 روپے فی طالبعلم مقرر کی گئی ہے جس میں رجسٹریشن فیس1000روپے، پروسیسنگ فیس800 روپے اور سپورٹ سکالرشپ فیس 300 روپے شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن، انرولمنٹ برائے جماعت نہم بغیر لیٹ فیس ترمیم شدہ عمر کی حد کے مطابق آن لائن ڈیٹا انٹری، بینک میں فیس جمع کروانے کا آن لائن کمپیوٹرائز ڈاصل بینک چالان اور رجسٹریشن ریٹرن کی ہارڈ کاپی جمع کروانے کی حتمی تاریخ 20 دسمبر2024 مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے فیصل آباد بورڈ کی میٹرک رجسٹریشن برانچ یا فون نمبر2517721-041پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے