بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا، حالیہ کارروائیوں کا مؤثر جواب دینا ناگزیر ہو چکا ہے، بیرسٹر سیف
پشاور(یو این پی)ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بھارت مغربی سرحد پر دہشتگردوں کو اسلحہ اور معاونت فراہم کررہا ہے۔پاک بھارت موجودہ کشیدگی کے تناظر میں جاری اپنے بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ بھارت پاکستان کی مشرقی اور مغربی دونوں سرحدوں پر جارحانہ کارروائیاں کر رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے مغربی سرحد پر دہشت گردوں کو اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کرکے تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہے۔بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور عوام دونوں سرحدوں پر بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت کو حالیہ کارروائیوں کا مؤثر جواب دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں مساجد کو نشانہ بنایا۔ پاکستان آرمی نے دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور کر دیا۔ بزدل دشمن ہمارے سرپرائز کا انتظار کرے۔