لاہور ( یو این پی )بھارت کے ڈرونز حملوں پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بیان آ گیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت دیگر 12 مقامات پر ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی اور بھارتی ڈرون بروقت گرانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ، پولیس، ریسکیو سروسز اور پاک فضائیہ کے بروقت رسپانس کو سراہا اور کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں، بری اور بحری فوج کے شیروں کو قوم سلام پیش کرتی ہوں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بھارت طیارے، ڈرونز گرانے کی شرمناک شکست کا بدلہ عام شہریوں سے لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا، بھارت نے آبی ذخائر پر حملہ کر کے عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزی کی ہے۔قوم اپنی بہادر افواج کے ذریعے بھارتی غرور اور تکبر کو خاک میں ملاتی رہے گی۔ دنیا بھر میں بھارتی پائلٹ نااہلی اور ناکامی کا استعارہ بن چکے ہیں، بھارت کا غرور رافیل طیاروں کی طرح زمین پر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ بھارت عام شہریوں کو نشانہ بنا کر روایتی بزدلی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔کمسن بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارت نے جارحیت کی۔ بھارت کو بے گناہ شہریوں پر حملے کا خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ پوری قوم پاک فوج کے افسران اور سپاہیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور صوبے بھر کے مختلف شہروں میں پولیس اور دیگر اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے ڈرون حملوں میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کے دوران زخمی ہونے والے شہری اور افسران کا بہترین علاج کیا جائے اور انتظامی افسران زخمیوں کے علاج کی مانیٹرنگ کریں۔