سلمان مرزا نے گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاور پلے میں محض 6
رنز دیکر 3 وکٹیں لیں
لاہور (یو این پی) قومی ٹیم کے فاسٹ باولر سلمان مرزا نے گزشتہ روز جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں ایسا باولنگ اعزاز اپنے نام کرلیا جو شاہین آفریدی کے پاس بھی نہیں ہے۔ سلمان مرزا نے گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کیخلاف پاور پلے میں محض 6 رنز دیکر 3 وکٹیں لیں جو کسی بھی پاکستانی باولر کی پاور پلے میں دوسری بہتری کارکردگی ہے۔سابق فاسٹ باولر عمر گل 2013ء میں جنوبی افریقہ کے ہی خلاف محض 3 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر اس فہرست میں پہلے جب کہ عماد وسیم 2016ء میں ویسٹ انڈیز کیخلاف 8 رنز کے عوض 3 شکار کرکے تیسرے نمبر پر ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان نے سریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 111 رنز کا ہدف 14 ویں اوور میں 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔میزبان ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 71 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ بابر اعظم 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے کوربن بوش نے 1 وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کی ٹیم 20 ویں اوور میں 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پروٹیز کی جانب سے ڈیوالڈ بریوس 25 رنز بنا کرنمایاں رہے۔کپتان ڈونوون فریرا 15، اوٹنیل بارٹمن 12، کوربن بوش 11، جورج لنڈا 9، ناندرے برجر 9، کوانٹن ڈی کاک 7، ٹونی ڈی زورزی،میتھیو بریٹزکے 5 جبکہ ریزا ہینڈرکس صفر کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ لنگی اینگیڈی 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے4، سلمان مرزا نے 3، نسیم شاہ نے 2 اور ابرار احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔