وزیراعظم محمد نواز شریف کا کراچی میں بس ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کی فوری تعمیر کا اعلان

Published on July 11, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 778)      No Comments

01
اسلام آباد ۔۔۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں بس ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کی فوری تعمیر کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ وزیراعظم جو مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیلئے کراچی میں ہیں، نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی میں بلاتاخیر لاہور اور راولپنڈی کی طرز پر میٹرو بس سروس کا منصوبہ شروع کرے گی۔ وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں ایک مشاورتی اجلاس کے دوران اس منصوبے کیلئے 15 ارب روپے کا اعلان کیا جسے گرین لائن کا نام دیا گیا ہے اور کہا کہ اس منصوبے کیلئے سندھ اور کراچی سٹی حکومتوں کا حصہ بھی مکمل طور پر وفاقی حکومت برداشت کریگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی طرف سے ایک تحفہ ہے، اٹھارہ ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ حکومت کراچی کے عوام کے ٹرانسپورٹ کے مسئلے سے بخوبی آگاہ ہے اور کہا کہ ریپڈ بس سسٹم کراچی کے رہائشیوں کیلئے ٹرانسپورٹ کے نظام میں ایک انقلاب ثابت ہوگا، جس سے انہیں سستی اور تیز ترین بس سروس میسر آئے گی۔ 22 کلو میٹر طویل گرین لائن سروس سے تقریباً چار لاکھ مسافروں کو یومیہ سفری سہولیات میسر ہونگی اور اس منصوبے کی جائزہ سٹڈی پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے، یہ منصوبہ سنگجانی ٹاؤن کو سٹی سنٹر سے ملائے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کی مدد سے کراچی اپنی ماضی کی شان و شوکت اور روشنیوں کے شہر کا نام اور پاکستان کی شہ رگ کے طور پر اپنی حیثیت دوبارہ حاصل کرے گا۔ انہوں نے کراچی لاہور موٹروے کے لئے اراضی کے حصول کیلئے 55 ارب روپے مختص کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فنڈز نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو جاری کر دیئے گئے ہیں اور آئندہ چند ماہ میں اس منصوبے پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے گڈانی پاور پارک اور پورٹ قاسم پر دو بجلی گھروں کے منصوبے جلد مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy