عید الفطر کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ممنون حسین

Published on July 29, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 941)      No Comments

12 عید الفطر کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ممنون حسین

اللہ تعالیٰ تمام اہل وطن کو اپنی حفظ و امان میں رکھے ،عید کی خوشیوں میں آئی ڈی پیز کو شامل اور شمالی وزیرستان میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے،
صدرمملکت ممنون حسین کا عید الفطر کے مبارک موقع پر پیغام
اسلام آباد (یو این پی) صدرمملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں شمالی وزیرستان سے بے گھر ہونے والوں کو بھی شامل کریں اور وطن عزیز کی سلامتی کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کریں، عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج عید الفطر کے مبارک دن کے موقع پر میں عالم اسلام اور تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گوہوں کہ اللہ تعالیٰ تمام اہل وطن کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور دنیاوی و اخروی خوشیوں سے نوازے۔ عید الفطر ملت اسلامیہ کا عالمی تہوار ہے۔ یہ تہوار اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب ‘ اخوت و محبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی و مذہبی تشخص کا مظہر ہے۔ یہ دن اپنے اندر ہمدردی ‘ ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے۔ یہ دن حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔ اس دن ہمیں بالعموم پوری ملت اسلامیہ کے لئے اور بالخصوص پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کرنی چاہئے کہ رب العزت ہمارے ملک کو دہشت گردی و فرقہ پرستی کی لعنت سے پاک فرمائے اور ہمارے ملک کو امن ‘ ترقی اور خوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے۔ ہمیں منفی سوچ رکھنے والی قوتوں کی سازش اور کارروائیوں سے بچنا ہوگا اور حکومت کی اس سلسلہ میں شروع کردہ انسدادی کوششوں میں مکمل تعاون کرنا ہوگا تاکہ وطن میں امن و امان کی فضاء پیدا ہو سکے۔حقیقت یہ ہے کہ عید الفطر کی اس مبارک کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی محبت و تعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور خوشگوار بنانا ہے۔ آج کے اس مبارک موقع پر ہر شخص کو یہ اہتمام کرنا چاہئے کہ نادار اور مستحقین افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرے۔ یہ دن ہمیں اس طرح منانا چاہئے کہ اس کے ذریعے ہمارے درمیان باہمی محبت و ایثار پر مبنی تعلقات میں اضافہ ہو کیونکہ سچی عید وہی ہے جو ساری انسانیت کے لئے عید یعنی خوشی کا باعث بن جائے۔ آیئے ! عید کی ان خوشیوں میں اپنے شمالی وزیرستان کے ان بہن بھائیوں کو بھی شامل کریں جو وطن عزیز کی سلامتی اور ہمارے روشن مستقبل کی خاطر بے گھر ہوئے ہیں آیئے ! آج کے دن ہم اپنے ان جوانوں کو خراج عقیدت پیش کریں اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کریں جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اسلام کی ابدی و سچی تعلیمات پر عمل پیرا فرمائے اور وطن عزیز کو امن و ترقی کا مثالی گہوارہ بنائے اور پاکستان کی سرزمین کو ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک فرمائے۔ اللہ رب العزت ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ (آمین)

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog