دھرنے دینے والی دونوں جماعتیں مذاکرات کریں یہی خیرکا راستہ ہے‘ خواجہ سعد رفیق

Published on August 19, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 547)      No Comments

22
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین سے رابطوں کے لئے کابینہ کی پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ دھرنے دینے والی دونوں جماعتیں مذاکرات کریں یہی خیر کا راستہ ہے‘ عمران خان سول نافرمانی کی تحریک کی کال واپس لیں۔ انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کی طرف سے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جو سیاسی جماعتوں سمیت عمران خان اور طاہر القادری سے رابطے کرے گی۔ اس کمیٹی کے پیش نظر وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کی پانچ رکنی ایک کمیٹی قائم کردی ہے جو اپوزیشن کی کمیٹی کی بوقت ضرورت معاونت کرے گی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ کمیٹی تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مطالبات کا جائزہ لے گی اس دوران اگر اس کمیٹی کو ضرورت ہوئی تو کابینہ کمیی اس کی بھرپور معاونت کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری ملک کی موجودہ صورتحال کا احساس کریں۔ ملک میں آئین‘ قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے تمام جماعتیں مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عمران خان اور قادری سے رابطہ کرنا چاہتی ہے‘ دونوں رہنماؤں کو اپنے رویہ میں لچک پیدا کرتے ہوئے حکومت کے ساتھ ملنے پر رضامندی ظاہر کرنی چاہیے تاکہ درپیش مسائل کا حل مل کر تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہیے اور جن لوگوں نے انہیں مینڈیٹ دیا ان کا بھی احترام ہونا چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفوں کی بات نہ کریں کیونکہ اس سے انہیں ووٹ دینے والے عوام کے جذبات مجروح ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی کال واپس لی جانی چاہیے کیونکہ اس سے ملکی مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری مذاکرات کا راستہ اختیار کریں کیونکہ یہی راستہ خیر کا ہے‘ اسی سے بہتری کی امید نکل سکتی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes