اسلام آباد ۔۔۔ماہرین صحت نے آئیوڈین ملا نمک کے استعمال سے متعلق موثر مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعرات کو یونیسف اور گلوبل الائنس کے تعاون سے سیمنار کا انعقاد کیا گیا جس میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال‘ پمز ہسپتال‘ پولی کلینک ہسپتال‘ سی ڈی اے ہسپتال کے ڈاکٹروں اور نرسوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل نیوٹریشن اینڈ ایڈز کنٹرول پروگرام (این اے سی پی) ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے کہا کہ آئیوڈین کی کمی سے حاملہ خواتین اور بچوں کی صحت پر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین میں آئیوڈین کی کمی سے بچوں کی نشوونما پر منفی اثرات پڑتے ہیں۔ پمز ہسپتال کی ڈاکٹر سیدہ بتول مظہر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئیوڈین کی کمی سے بچوں میں ذہنی‘ جسمانی اور دیگر کمزوریاں پیدا ہوتی ہیں۔ سیمینار سے پولی کلینک‘ سی ڈی اے ہسپتال کے ڈاکٹر سمیت طبی ماہرین نے خیالات کا اظہار کیا اور آئیوڈین کی کمی کے متعلق شہریوں میں شعور و آگہی اجاگر کرنے پر زور دیا۔ ڈاکٹر نے کہا کہ آئیوڈین ملا نمک کے استعمال سے متعلق شہریوں میں آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔