قوم کے وسیع تر مفاد میں پاکستان تحریک انصاف کو دھرنا ختم کر دینا چاہئے، احسن اقبال

Published on September 25, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 257)      No Comments

222
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ قوم کے وسیع تر مفاد میں پاکستان تحریک انصاف کو دھرنا ختم کر دینا چاہئے۔ بدھ کے روز ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ دھرنے ختم کر دیئے جائیں تاکہ معمول کے کاموں کو بہتر انداز میں سرانجام دیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں منتخب حکومت اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کیلئے لندن میں ایک سازش کی گئی جس کا حصہ طاہر القادری، عمران خان اور پرویز الٰہی تھے جو کہ ناکام ہو چکی ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اس ملاقات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے رہے ہیں لیکن اب ان کی اس سازش کا سب کو پتہ چل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے بھی اس سازش کو بے نقاب کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے لاکھوں لوگوں کو مارچ میں لانے کا منصوبہ بنایا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام ہو گئے۔ لوگوں کی تعداد میں اضافے کی خاطر وہ کئی گھنٹے لاہور کی سڑکوں پر گھومتے رہے اور گوجرانوالہ میں بھی لمبا سٹاپ کیا لیکن عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔ صرف چند ہزار لوگوں کو ہی اسلام آباد لانے میں کامیاب ہو سکے اس کے بعد پلان (بی) کے تحت پی ٹی آئی اور پی اے ٹی دونوں نے دھرنوں میں خون خرابہ کرانے کی کوشش کی لیکن حکومت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی اس سازش کو بھی ناکام بنا دیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے اتحاد کا ثبوت دیا اور جمہوریت اور آئین کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام سمجھدار ہے اس لئے اس نے انتخابی سیاست کو ترک کر دیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے حالیہ انتخابات میں کئی بے ضابطگیاں ہوئیں لیکن وہاں عوام نے نظام کو لپیٹنے کا مطالبہ تو نہیں کیا۔ وفاقی وزیر نے سوال کیا کہ اگر پی ٹی آئی کو انتخابات کی شفافیت پر کوئی اعتراض تھا تو اسے چا ہئے تھا کہ دارالحکومت میں احتجاج کرنے سے قبل کے پی کے حکومت سے مستعفی ہوتے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes