وزیراعظم نواز شریف کا عیدالاضحی پر قوم کو پیغام

Published on October 6, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 256)      No Comments

Nawaz-Sharif-AP2اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالی کی مرضی کے مطابق غیر مشروط اطاعت وہ اعلی ترین جذبہ ہے جو کہ اپنی نوعیت میں عالمگیر اور تناظر میں پائیدار ہے، انسان کو اپنے خالق حقیقی سے عقیدت کے عزیز ترین جذبہ کو ظاہر کرنے کے موقع سے نوازا جانا بالکل منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر ایک مرتبہ پھر اللہ تعالی کی اطاعت کے اس عزم کے اعادہ کا موقع مل رہا ہے کہ وہ اللہ تعالی کی فرمانبرداری اور اطاعت میں ثابت قدم رہے گی، اس سے انہیں اپنے یقین کو مزید پختہ کرنے کا موقع ملے گا جس میں انسانی بقاء کیلئے ایک برتر مقصد کی خاطر قربانی پر زور دیا گیا ہے۔ پاکستانی سیلاب کی ان تباہ کاریوں میں سے گزر رہے ہیں جن کی اس سے قبل مثال نہیں ملتی، ان سیلابوں سے بڑے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد متاثرین کیلئے ہمدردی اور قربانی کے جذبہ میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مصیبت کی اس گھڑی میں میں تمام پاکستانیوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کے عزم و حوصلہ کا تقاضا ہے کہ آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں ہم آپ کو زیادہ سے زیادہ مدد کی فراہمی کیلئے اپنی کوششیں تیز تر کر دیں۔ ہم نے اپنی بہادر مسلح افواج کی جانب سے انتہائی قابل تحسین آپریشن ضرب عضب کے ذریعہ پرتشدد شدت پسندی کے مذموم عفریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اس موقع پر ہماری مسلح افواج کی طرف سے دکھائے گئے غیر متزلزل عزم سے ان قربانیوں کا بھی پتہ چلتا ہے جو وہ ہماری آزادی، خوشحالی اور عزت و وقار کیلئے دے رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام شدت پسندی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کی خاطر بے گھر ہو جانے والے افراد کی طرف سے دی جانے والی بے شمار قربانیوں سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں، میں ان کو درپیش مشکلات کم کر کے بہتری لانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی دوبارہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عیدالاضحیٰ کا جذبہ ان پریشان عناصر کو واضح طورپر یاد دہانی کراتا ہے جو جمہوری قوتوں کو دی گئی قومی رضا مندی کی بالادستی سے پوری طرح واقف نہیں ہیں اور تحمل و برداشت کے جذبہ کے بالکل برخلاف نفرت کے بیج بو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری منتخب نمائندوں نے دانشمندی، انصاف اور شرافت کا مظاہرہ کیا ہے جو اس بات کا متقاضی ہے کہ مزاحمت کرنے والے بھی ان تمام عوامل کی پاسداری کریں۔ میں عیدالاضحیٰ کے اس پرمسرت موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ قومی ترقی کے مقاصد کو بار آور بنانے کیلئے مسلسل کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے عید کے خصوصی پیغام میں کہا کہ میں اس اعتماد کا اظہا رکرنے پر پوری قوم کا شکرگزار ہوں جو اس نے پاکستان کو خوشحال بنانے کے قومی ترقی کے ایجنڈے کو جاری رکھنے کیلئے مجھ پر کیا ہے تاکہ پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلایا جا سکے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme