ممنون حسین کا عید الاضحیٰ کے مبارک اور پرمسرت موقع پرپیغام،پوری قوم کو مبارکباد

Published on October 6, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 263)      No Comments

88
اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین نے عید الاضحیٰ کے مبارک اور پرمسرت موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالی تمام اہل وطن کو اپنی حفاظت میں رکھے اور دنیاوی و آخروی تمام نعمتوں سے سرفراز فرمائے۔ عید کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم الشان قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے جب انہوں نے حکم خدا وندی کے سامنے سرتسلیم خم کرتے ہوئے اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربانی کیلئے پیش کر دیا تھا، یہ عمل بارگاہ رب العزت میں اتنا مقبول قرار پایا کہ اس کی یاد کو تازہ کرنا سنت ابراہیمی قرار پایا۔ آج کا دن عبادت و اطاعت خدا وندی، عزم و ایثار اور اعلیٰ کردار کی اس یاد کو تازہ کرتا ہے جو رہتی دنیا تک رشد و ہدایت کا نمونہ رہے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے کی ضرورت تو ہمیشہ سے رہی ہے لیکن موجودہ دور میں اس کی اہمیت و افادیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، سنت ابراہیمی اور دین حق کی تعلیمات کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف ہمیں ایثار و قربانی جیسی اعلیٰ اقدار کے فروغ کیلئے کوشاں رہنا چاہئے بلکہ اپنی زندگیوں میں بھی اس کی عملی مثال قائم کرنی چاہئے۔ ذاتی، گروہی، لسانی، مسلکی اور دیگر تعصبات سے بالاتر ہو کر ایثار و قربانی کی مشعل تھامے اپنے ملک و قوم اور ملت اسلامیہ کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی نسل آدم کی بھلائی اور بہتری کیلئے سرگرم عمل رہنا چاہئے کیونکہ یہی اسلامی تعلیمات کا نچوڑ ہے اور نبی رحمت عالم حضرت محمدؐ کے اسوہ حسنہ کی حقیقی معنوں میں پیروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کو دہشت گردی، انتہا پسندی، کرپشن اور دیگر مسائل جس طرح درپیش ہیں اس کے سدباب کیلئے ہمیں ایثار و قربانی، اخوت و بھائی چارے، ہمدردی، رواداری اور پیار و محبت کے پرچار کی اشد ضرورت ہے، بے شک یہی سیدھی راہ اور وقت کی آواز ہے۔ صدر نے خصوصی طور پر کہا کہ بحیثیت سچے پاکستانی آج کے دن ہمیں ان بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں یا پھر حالیہ سیلابوں کی وجہ سے بے گھر ہوئے ہیں۔ ہمیں ان کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنے کی بھی ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ان خاندانوں خصوصاً ماؤں، بہنوں اور بچوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے جن کے افراد نے وطن عزیز اور ہمارے روشن مستقبل کی خاطر جام شہادت نوش کرتے ہوئے ایثار و قربانی کی اعلی روایات کو جلا بخشی۔ صدر ممنون حسین نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عیدالاضحیٰ کی حقیقی خوشیاں نصیب فرمائے اور ہمیں قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes