اسلام آباد۔۔۔حکومت نے استعفوں کی تصدیق کیلئے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو مزید 2 ہفتوں کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے،تحریک انصاف کے مزید تین ارکان اپنے استعفوں کی تصدیق کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ سپیکر نے شفقت محمود، امجد علی خان اور رائے حسن نواز کو طلب کر رکھا تھا۔ استعفوں کی تصدیق کا پہلا مرحلہ بدھ کو مکمل ہو جائے گا۔ آخری روز تحریک انصاف کے مزید چار ارکان نفیسہ عنائت اللہ خٹک، ساجدہ بیگم، عائشہ گل لئی اور لال چند ملہی کو بلایا گیا ہے لیکن ان کے آنے کی بھی توقع نہیں جس کے پیش نظر حکومت نے استعفوں کی تصدیق کیلئے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو مزید 2 ہفتوں کی مہلت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اضافی مدت ختم ہونے کے بعد سپیکر قانونی و آئینی ماہرین سے مشاورت کریں گے اور کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔