سنگاکارا اور جے وردھنے کا کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا

Published on March 19, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 622)      No Comments
077
سڈنی(یو این پی) سری لنکن ٹیم کی رواں ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں شکست کے ساتھ ہی کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کا کیریئر بھی اختتام کو پہنچ گیا۔ دونوں بلے بازوں نے ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر رکھا تھا۔ جے وردھنے نے 1998ء میں کولمبو کے مقام پر زمبابوے کے خلاف میچ میں ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پانچ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا، سنگاکارا نے 2000ء میں گال کے مقام پر پاکستان کے خلاف کیریئر کا آغاز کیا اور انہیں چار ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کا شرف حاصل ہوا، دونوں بلے بازوں کا شمار نہ صرف سری لنکا بلکہ دنیا کے منجھے ہوئے بلے بازوں میں کیا جاتا تھا، دونوں نے متعدد بار مشکل وقت میں اہم پارٹنرشپس جوڑ کر ٹیم کو فتوحات دلائیں، بعض موقعوں پر ایک آؤٹ ہو جاتا تو دوسرا حریف ٹیموں کے سامنے ڈٹ جاتا اور اسی وجہ سے سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو تقویت حاصل تھی، دونوں نے متعدد بار اہم اننگز کھیل کر اپنی کو فتوحات دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ دونوں بلے بازوں کا آخری ورلڈ کپ تھا اور گزشتہ روز پروٹیز کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ہی دونوں کا کیریئر بھی اختتام پذیر ہو گیا، سنگاکارا نے آخری ورلڈ کپ میں مسلسل چار سنچریاں بنا کر ون ڈے کرکٹ کی نئی تاریخ رقم کی تھی جبکہ جے وردھنے صرف ایک سنچری بنا سکے، دونوں بلے بازوں کی خواہش تھی کہ ٹیم کو عالمی ٹائٹل دلا کر شاندار طریقے سے رخصت ہوں لیکن ان کا خواب ادھورا رہ گیا اور سری لنکن ٹیم کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، جے وردھنے نے 448 ایک روزہ میچوں میں 12650 رنز بنائے جس میں ان کی 19 سنچریاں اور 77 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ انہوں نے 149 ٹیسٹ میچوں میں 11814 رنز بنائے جس میں ان کی 34 سنچریاں اور 50 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سنگاکارا نے 404 ون ڈے میچوں میں 14234 رنز بنائے جس میں ان کی 25 سنچریاں اور 93 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔
Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Theme