ملک بھر میں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے میں منایا گیا

Published on March 24, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 359)      No Comments

02
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، سالمیت خود مختیاری ،امن و امان اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گیءں، خصوصی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا
اسلام آباد ۔۔۔ملک بھر میں یوم پاکستان پیر کو سات سال بعد ایک بار پھر شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر خصوصی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، سالمیت خود مختیاری ،امن و امان اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی ۔ یوم پاکستان کی سب سے بڑی تقریب فیض آباد کے نزدیک واقع پریڈ گراؤنڈ میں ہوئی جس میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے علاوہ ملک کی اعلی عسکری اور سیاسی قیادت، پاکستان میں موجود غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر بری، بحری اور فضائی مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ رینجرز، پاک فوج کی مسلح خواتین کے دستے، ایف سی، گرل گائیڈز، بوائے سکاؤٹس کے دستوں نے بھی سلامی دی ۔ صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلح افواج کو شاندا ر الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور پریڈ کمانڈر کرنل خرم کو پریڈ کی بھرپور تیاری پر مبارکباد دی۔ پاک فوج کے جوانمرد سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے بھی ’’اللہ ہو‘‘ کی گونج میں سلامی دی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے جنگی جہازوں نے فلائی پاسٹ کیا اوراپنے فضائی کرتب کا کا مظاہرہ کیا اور وہاں موجود ہزاروں افراد نے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ انفنٹری یونٹ، لائٹ انفنٹری کمانڈو بٹالین، پاکستان آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز، ایم آئی 17، کوبرا، گن شپ ہیلی کاپٹرز، پوما ہیلی کاپٹرز نے فلائی پاسٹ کیااور سلامی دی۔ رواں سال قومی پریڈ میں مقامی سطح پر تیار کیے گئے ڈرون طیاروں، شہپر اور براق کی بھی نمائش کی گئی۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت پر محیط فلوٹس بھی عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ تقریب کے دوران فضاء پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی، پاک فوج کے جوانوں نے کئی ہزار میٹر بلندی سے پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی ۔ اس موقع پر پریڈ گراؤنڈ کو آنے والے تمام راستے عام پبلک ٹرانسپورٹ اور بڑی گاڑیوں کیلئے بند رہے، صرف پریڈ میں مدعو مہمانوں کو اس راستے کو استعمال کر نے کی اجازت تھی ۔ اس ضمن میں عوام کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے متبادل روٹس سے بھی باقاعدہ آگاہ کیا جاتا رہا۔ تاہم بعد ازاں دوپہر کو راستے عام پبلک کے لئے کھول دئیے گئے۔ یوم پاکستان کے موقع پر برلن ، ابوظہبی، پیرس، کولمبو، چین، کابل اور تہران میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں قومی پرچم لہرائے گئے، ان تقریبات میں پاکستانی سفیروں نے قومی پرچم لہرائے جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی ان تقریبات میں شرکت کی۔ ان تقریبات میں صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پروگرام اور ایڈیشنز شائع کئے گئے۔ واہگہ بارڈر میں پرچم اتارنے کی تقریب عوام کی خاص توجہ کا مرکز بنی رہی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes