بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف 16 سالہ ناکامیوں کی روایت توڑ ڈالی

Published on April 18, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 707)      No Comments

3بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف 16 سالہ ناکامیوں کی روایت توڑ ڈالی
میزبان ٹیم نے گرین شرٹس کو پہلے ون ڈے میں 79 رنز سے ہرا دیا،پاکستانی ٹیم 329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 45.2 اوورز میں 250 رنز پر ڈھیر،تمیم اور مشفق کی شاندار سنچریاں،اظہر،حارث اور رضوان کی نصف سنچریاں ناکافی ثابت،مشفق الرحیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
ڈھاکہ (یو این پی) تمیم اقبال اور مشفق الرحیم کی شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میں با آسانی 79 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، اس کے ساتھ ہی بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کے خلاف 16 سالہ ناکامیوں کی روایت بھی توڑ ڈالی، بنگلہ دیش نے آخری بار 1999ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کو شکست دی تھی۔ تمیم اور مشفق کی شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 329 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کیلئے 330 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس 46 ویں اوور کی دوسری گیند پر 250 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کپتان اظہر علی، حارث سہیل اور محمد رضوان کی نصف سنچریاں بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ اس میچ کی خاص بات تمیم اور مشفق کی شاندار سنچریاں اور بنگلہ دیش کا ون ڈے میچ میں بڑا ٹوٹل قائم کرنے کا ریکارڈ ہے۔ مشفق الرحیم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو ڈھاکہ میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم کے قائم مقام کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو تمیم اور سومیا نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، سومیا 20 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، 67 سکور پر محموداللہ 5 رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، اس موقع پر تمیم اور مشفق نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے باؤلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ میں ملک کی طرف سے 178 رنز کی ریکارڈ شراکت جوڑ کر ٹیم کا سکور 245 تک پہنچا کر اس کی پوزیشن مستحکم کر دی، اسی دوران اقبال نے شاندار سنچری بنائی اور 132 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند کا نشانہ بنے، مشفق نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی اور 106 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ شکیب الحسن 31 اور صابر رحمان 15 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیندوں پر شکار ہوئے، اس طرح بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 329 رنز بنائے، یہ اس کا ون ڈے میں بڑا ٹوٹل ہے۔ وہاب ریاض نے 4 اور راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم جب میدان میں اتری تو کپتان اظہر علی اور سرفراز احمد نے ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا، احمد 24 رنز بنا کر عرافات سنی کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے، 59 کے سکور پر محمد حفیظ رن آؤٹ ہو گئے، وہ صرف 4 رنز بنا سکے، اس موقع پر حارث نے کپتان کا ساتھ دیا اور تیسری وکٹ میں 89 اہم رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 148 تک پہنچا دیا، یہ پارٹنر شپ بنگلہ دیش کیلئے خطرہ بن رہی تھی کہ یہاں پر تسکین احمد نے اظہر علی کو آؤٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 72 رنز بنائے، 175 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری اور حارث سہیل51 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے، 217 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب عرافات سنی نے اپنے اوور میں فواد عالم اور سعد کی وکٹیں لیں، عالم 14 اور نسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، 244 کے مجموعی سکور پر وہاب ریاض 8 رنز بنا کر تسکین کی گیند پر بولڈ ہو گئے، 249 کے سکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گری اور ڈیبیو کرنے والے محمد رضوان 67 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد روبیل کی گیند کا نشانہ بنے، جنید خان صفر پر رن آؤٹ ہوئے، سعید اجمل پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے، اسطرح پاکستان کی پوری ٹیم 45.2 اوورز میں 250 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ تسکین احمد اور عرافات سنی نے تین، تین، روبیل حسن اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes