برما کے نہتے اور بیگناہ مسلمانوں کے قتل عام پرمبینہ مہذب ممالک کی مجرمانہ خاموشی کیوں ؟ چوہدری غلام نبی شاہد

Published on June 9, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 1,164)      No Comments

GNS-2012مانچسٹر(یو این پی ) اوورسیز پاکستانی سٹیزنز آرگنائیزیشن کے چئیرمین چوہدری غلام نبی شاہدنے برما کے نہتے اور بیگناہ مسلمانوں کے قتل عام پرسخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور اسکی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے دور حاضر کا بدترین اور انسانیت سوز ظلم اور بربریت قرار دیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں امریکہ اور یورپی ممالک سمیت تمام مبینہ مہذب دنیاکی اس قتل عام پر خاموشی کو معنی خیز اور مجرمانہ غفلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس بربریت پر مزید تبصرہ کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ اس خطہ سے مسلمانوں کو ختم کرنے کیلئے ایک باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت یہ قتل عام کیا جا رہا ہے۔ جس کو انڈیا اور امریکہ سمیت بہت سی نامسلم طاقتوں کی آشیرباد اور حمایت حاصل ہے۔ چوہدری غلام نبی شاہد نے مزید کہا کہ اس سلسلہ میں اقوام متحدہ سے تو کسی بہتری کی تو توقع رکھنا ہی حماقت ہے کیونکہ یہ ادارہ صرف امریکہ اور اسکے حواریوں کے مفادات کا تحفظ ہی کر سکتا ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ یہ صرف امریکہ کا ذیلی ادارہ بن چکا ہے۔ابھی کچھ ہی عرصہ قبل تیمورکی مثال دنیا کے سامنے ہے کہ کس عجلت کے ساتھ انکی الگ مملکت بنا دی گئی کیونکہ وہ مسلمان نہیں بلکہ عیسائی تھے۔ جبکہ مسلم ممالک میں بدترین قتل و غارت بھی اسے نظر نہیں آتی۔ چوہدری غلام نبی شاہدنے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک ترکی اور ایران کے علاوہ کسی مسلمان حکومت کی طرف سے اس المناک ظلم و ستم کے خلاف آواز کا بلند نہ ہونا بھی مسلم حکمرانوں کیلئے انتہائی شرمناک اور مسلم امت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اگر مسلمانوں میں ایسی ہی بے حسی قائم رہی تو پھر یہ جان لینا چاہئے کہ مسلمانوں کا مستقبل بہت تاریک ہے۔ اللہ جل جلالہ تمام مسلم امہ کی حفاظت فرمائے اور اسکو ایسے وقت سے محفوظ رکھے۔آمین!
چوہدری غلام نبی شاہد نے اورتمام پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے برما کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے تمام مسلم حکمرانوں اور خصوصاً حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ (او آئی سی) کا فوری اجلاس بلا کر متفقہ لائحہ عمل اپناتے ہوئے اس قتل و غارت کو رکوائیں اور برما کے ان مظلوم مسلمانوں کا مستقبل محفوظ بنائیں۔ اور جب تک برما کے حکمران ان مسلمانوں کو تحفظ فراہم نہ کریں ان سے مکمل معاشی اور سوشل بائیکاٹ کیا جائے اور برما پر مکمل اقتصادی پابندیاں لگائی جائیں۔ نیز متفقہ طور پر اقوام متحدہ کو بھی مجبور کیا جائے کہ تیمور کی طرح ان مظلوم مسلمانوں کو بھی زندہ رہنے کا حق دلایا جاے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes