گجرات کی نواحی خبریں ۔۔۔ محمد آصف سے

Published on June 20, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 400)      No Comments

gujratیونیورسٹی آف گجرات میں رمضان المبارک کی چھٹیاں کی جائیں۔ والدین کا مطالبہ
گجرات (یو این پی ) گذشتہ روز یکم رمضان المبارک کے دن یونیورسٹی آف گجرات میں رمضان المبارک کے مہینے کی چھٹیاں نہ ہونے کی وجہ سے صبح سویرے دور دراز سے طلباء و طالبات یونیورسٹی پہنچے اور واپسی پر روزے اور شدید گرمی کی وجہ سے کئی طلباء و طالبات نڈھال ہو کر گرپڑے ۔ جس کی وجہ سے ساتھی طلباء و طالبات سخت پریشان ہو گئے اور وائس چانسلر سے مطالبہ کیاکہ گذشتہ سالوں کی طرح رمضان المبارک میں چھٹیوں کا اعلان کیا جائے۔ تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں طلباء و طالبات کو روزہ رکھنے اور عبادت کرنے میں آسانی مل سکے۔ یاد رہے کہ سابقہ ادوار میں رمضان المبارک کے مہینہ میں گجرات یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیاں ختم کر کے یونیورسٹی بند کر دی جاتی تھی۔ اس لئے یونیورسٹی آف گجرات میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین اور وزیر آباد ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، سمبڑیال سے دور دراز سے آنے والی بچیوں نے یونیورسٹی میں چھٹیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ کی حالت جوں کی توں۔۔۔ ایم این اے کا دورہ بے سود 

گجرات (یو این پی) تفصیلات کے مطابق ٹراما سنٹر جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ ، حادثات میں شدید زخمی ہونے والے شہریوں کو فوری طبی امداد پہنچانے کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ جس میں کل بہتر اسامیاں رکھی گئیں۔ جس میں ایم ایس کے علاوہ میڈیکل سپیشلسٹ، نیورو سرجن، آرتھوپیڈک سرجن، بے ہوش کرنے والے ڈاکٹر کے علاوہ پتھیالوجسٹ، میڈیکل آفیسرز، وومین میڈیکل آفیسر کی اسامیاں رکھی گئیں تھیں۔ لیکن ایک ایم ایس ، ایک سرجن، ایک آرتھوپیڈک سرجن، ایک میڈیکل آفیسر، ایک وومین میڈیکل آفیسر اور چند آفس سٹاف اور نرسنگ کے علاوہ ہسپتال خالی پڑا ہے۔ مقامی سماجی تنظیموں اور میڈیا کی نشاندہی پر حلقہ کے ایم این اے چوہدری جعفر اقبال نے گزشتہ ماہ ٹراما سنٹر جی ٹی روڈ لالہ موسیٰ کا دورہ کیا اور اس موقعہ پر کہا کہ ٹراما سینٹر سمیت لالہ موسیٰ کے تمام ہسپتالوں میں نئے سٹاف کی تعیناتی و دیگر مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ دوائیوں کیلئے فنڈز جاری کروا ئے جائیں گے ۔ لیکن ایم این اے کا دورہ بھی ٹراما سنٹر کی حالت کو بہتر نہ کر سکا۔ اب ہسپتال میں آپریشن کرنے کیلئے بے ہوشی کا ڈاکٹر نہیں، لیبارٹری کو چلانے کیلئے ہسپتال کے بعد پیسے نہیں،پتھیالوجسٹ نہیں، جبکہ ایکسرے مشین اور آپریٹر کی سخت ضرورت ہے۔ ایمبولینس کیلئے فقط ایک ڈرائیور ہے۔ جس کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتال لانا سخت دشوار ہو گیا ہے۔ فرینڈز آف کھاریاں کے چیف آرگنائزر میاں محمد صفدر، صدر چوہدری اختر علی، جنرل سیکرٹری لیاقت علی قادری نے ڈی سی او گجرات اور مقامی ایم این ے ، ایم پی ا یز سے اپیل کی ہے کہ ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ کو ٹراما سنٹر بنانے کیلئے اس کی بنیادی ضروریات اور خالی اسامیوں پر ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی جلد تعیناتی کی جائے۔ تاکہ جی ٹی روڈ پر حادثات میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد دے کر ان کی جانوں کو بچانے کی کوشش کی جا سکے۔ کیونکہ صحت اور تعلیم کی سہولتیں حاصل کرنا شہریوں کا بنیادی حق ہے اور جو حکومت شہریوں کو بنیادی حقوق نہ دے سکے اس کو اپنی کارکردگی پر سوچنا چاہئے۔

گجرات میں مقامی سماجی تنظیموں اور میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ’’ رمضان بازار ‘‘ جی ٹی روڈ پر سجا دیا گیا۔

گجرات (یو این پی)مقامی سماجی تنظیموں اور میڈیا کی نشاندہی کے باوجود ’’ رمضان بازار ‘‘ جی ٹی روڈ پر سجا دیا گیا۔ جس کی وجہ سے جی ٹی روڈ کی ٹریفک شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بن گئی۔ تفصیل کے مطابق کھاریاں میں رمضان بازار جی ٹی روڈ پر اس جگہ لگایا جاتا ہے جہاں روڈ کی چوڑائی پچاس فٹ ہو۔ مگر یہاں ایک طرف گرلز کالج اور دوسری طرف تیز رفتار ٹریفک کے درمیان میں سجا ’’ رمضان بازار‘‘ انتظامیہ کے تمام دلفریب بینرز اور قد آاور ہولڈنگ بورڈز کے باوجود شہریوں کی توجہ حاصل نہ کر سکا۔ کیونکہ رمضان بازار میں کل نو سٹال لگائے گئے ہیں۔ جس میں ایک چکن، ایک بیف اور مٹن، دو سبزی۔ دو فروٹ اور ایک روزمرہ کی اشیائے خوردو نوش، اور ایک ہی ’’ٹیٹرا پیک دودھ‘‘ کا سٹال ہے۔ اشیائے خوردونوش انتہائی ناقص ، سبزیاں گلی سڑی اور فروٹ کے ریٹ عام بازار اور رمضان بازار میں معمولی فرق کی وجہ سے زیادہ تر شہری رمضان بازار میں خرید و فروخت کرتے نظر نہ آئے۔ حالانکہ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں ڈاکٹر افشاں رباب نے سستے رمضان بازار کو کوالٹی اور پرائس کے لحاظ سے ضلع گجرات کا مثالی سستا رمضان بازار بنانے کا اعلان کیا تھا۔۔ جس کیلئے انہوں نے لاکھوں روپے کی لاگت سے رمضان بازار کی جگہ پر ٹف ٹائل بھی لگوائی اور تاجر برادری کو خوش کرنے کیلئے بازار کے فرنٹ پر بھی ٹف ٹائل لگوا دی تاکہ سستا رمضان بازار خوبصورت اور صٖفائی کے لحاظ سے واضح نظر آئی ۔ ان تمام کوششوں اور لوازمات کی فراہمی کے باوجود عوام الناس کا رمضان بازار سے فرار انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ کیونکہ رمضان بازار کی وجہ سے محکمہ صحت اور زراعت، دیہی ترقی اور ریونیو اور ٹی ایم کا عملہ رمضان بازار میں ڈیوٹی دے رہا ہے جس کی وجہ سے محکمہ مال کے معمول کے کام ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy