لاہور (یو این پی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں کالعدم تنظیموں پر فطرہ اور زکوٰة جمع کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثرانداز میں کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، ڈی جی رینجرز پنجاب، سیکرٹری داخلہ سمیت دیگر اداروں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن جاری رکھا جائے گا اور کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اپیکس کمیٹی نے انسداد دہشتگردی کے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے ملک میں آخری دہشتگرد کی موجودگی تک آپریشن جاری رہے گا انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو دہشتگردی سے پاک کر کے دم لیں گے۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے کہا ہے دہشتگردوں کے نیٹ ورک اور سہولت کاروں کیخلاف کارروائی جاری رہے گی۔