ملتان بس اسٹینڈ کے قریب رکشہ میں دھماکہ، آٹھ افراد جاں بحق، 50 زخمی

Published on September 14, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 478)      No Comments

5555
ملتان(یو این پی) وہاڑی چوک کے قریب ملتان لاری اڈے میں رکشے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ 50 زخمی ہو گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نشتراسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا، دھماکے کے بعد ہرطرف افراتفری مچ گئی بھگدڑ کے نتیجے میں بھی 12 افراد زخمی ہو گئے، دھماکے سے پانچ رکشے، ایک کار، ایک موٹر سائیکل اور دو دکانیں بھی تباہ ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوارکی شب وہاڑی چوک کے قریب واقع ملتان کے سب سے بڑے بس اسٹینڈ میں رکشہ میں ہونے والے دھماکے سے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے، عینی شاہد کے مطابق رکشہ بس اسٹینڈ کے قریب کھڑا تھا کہ اچانک زوردار دھماکہ ہو گیا اور ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا اس دوران ہر طرف افراتفری مچ گئی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے ادھر ادھر دوڑنے لگے، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دھماکے سے پانچ رکشے، ایک کار، ایک موٹر سائیکل اور دو دکانیں بھی تباہ ہو گئیں، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، بم ڈسپوزل حکام کا عملہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آ گئے، امدادی ٹیموں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کی لاشوں جبکہ زخمی افراد کو ایمبیولینسز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا، دھماکے کے پیش نظر ملتان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جہاں زخمیوں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں، نشتر ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ دھماکے کی شدت کے پیش نظر متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اوراب تک اسپتال میں پانچ لاشیں اور50 زخمیوں کو لایا گیا ہے، دوسری جانب بم ڈسپوزل حکام کا عملہ دھماکے کی جگہ سے شواہد اکھٹے کرکرے تحقیقات کر رہا ہے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شہادتیں جمع کرنا شروع کر دیں، ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے دھماکہ خیز مواد رکشہ میں نصب کیا گیا تھا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے، سیکورٹی ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا، اور خودکش حملہ آور بھی اس دھماکے میں ہلاک ہو گیا، آر پی او ملتان نے بتایا کہ وہاڑی چوک کے قریب رکشے میں نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں، سی پی او ملتان کے مطابق دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ڈی سی او ملتان نذر سلیم گوندل نے بتایا کہ رکشے میں ہونے والا دھماکا گیس سلنڈر کا نہیں بلکہ بم کا تھا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy