حکومت نے صرف چارماہ میں 376ارب مالیت کے نوٹ چھاپ دیئے

Published on November 5, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 875)      No Comments

11905777_860435227326117_3453841741133217994_nاسلام آباد (یو این پی) حکومت نے بینکوں سے قرضے لینے کا ریکارڈ تو بنایا ہی تھا، اسکے ساتھ ساتھ نوٹ چھاپنے کے بھی اگلے پچھلے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ ہر ہفتے اوسطًا 23 ارب 48 کروڑ روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کیے جا رہے ہیں۔ نوٹوں کی بھرمار نے مہنگائی کی نئی لہرپیدا کی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 16 ہفتوں کے دوران حکومت نے تقریبا 376 ارب روپے مالیت کے نئے نوٹ جاری کیے ہیں، جس کے بعد ملک میں زیر گردش نوٹوں کا مجموعی حجم ملکی تاریخ میں پہلی بار 31 کھرب 2 ارب 14 کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ رواں مالی سال میں حکومت نے صرف سولہ ہفتوں میں جتنے نوٹ چھاپے، گذشتہ پورے مالی سال میں اتنے نوٹ جاری کیے گئے تھے۔ نوٹ پرنوٹ چھاپنے کی پالیسی سے حکومت کی گاڑی توجیسے تیسے آگے بڑھ رہی ہے مگرغریب کا چولہا ٹھنڈا پڑنا شروع ہوگیا ہے۔ اندھا دھند نوٹ چھاپنے سے بنیادی ضروریاتِ زندگی کی اشیا میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق صرف ایک سال کے دوران دال چنا کی قیمت میں 61فیصد اضافہ ہوا، دال ماش 43فیصد، دال مسور 10فیصد اوردال مونگ 8فیصد مہنگی ہوئی۔ سرخ مرچ اورنمک کی قیمت بھی 6 فیصد اوپرگئی۔ اس دوران آٹے کی قیمت بھی بڑھتی رہی۔ ایک طرف حکومت آئی ایم ایف سے مزید قرضوں کے حصول کے لئے اندھا دھند اس کی شرائط پرعمل کررہی ہے جبکہ دوسری طرف  رواں مالی سال کے دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے حکومت نئے نوٹ جاری کرنے کے ساتھ ساتھ اب تک کمرشل بینکوں سے 481 ارب 58 کروڑ روپے قرض بھی لے چکی ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes