جنرل راحیل کے دورہ سعودی عرب میں یمن جنگ پر سرد مہری کا خاتمہ ہو گیا: امریکی ماہر

Published on November 10, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 577)      No Comments

اسلام آباد ۔۔۔  جنرل راحیل شریف کے دورہ سعودی عرب سے یمن جنگ پر پاکستان اورimages سعودی عرب کے درمیان پیدا ہونے والی سرد مہری کا خاتمہ ہو گیا۔ اخبار روزنامہ جنگ کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما کے قریبی ساتھی، جنوبی ایشیا کے امریکی ماہر اور سی آئی اے کے سابق افسر بروس ریڈل نے امریکی تھنک ٹینک ” بروکنگ انسٹی ٹیوٹ “ کی سائٹ پر شائع اپنے مضمون میں کہا کہ جنرل راحیل شریف کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے یمن جنگ پر پیدا ہونے والا تنازع ختم ہو گیا اور دونوں ممالک کے درمیا ن مصالحت ہو گئی۔ اخبار کے مطابق رواں سال کے اوائل میں دونوں ممالک کے تعلقات کو اس وقت دھچکا لگا جب اسلام آباد نے یمن میں سعودی جنگ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے گزشتہ ہفتے ریاض کا دورہ کیااور شاہ سلمان ، ولی عہد شہزاد ہ محمد بن نائف اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملا قات کی۔ سعودی ذرائع ابلاغ نے اس دورے کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان موجو د قدرے سرد مہری کے دور کا خاتمہ قرار دیا ہے جو اپریل میں پاکستانی پارلیمنٹ میں ایک قرار داد کی منظوری سے پیدا ہوا جس میں سعودی قیادت میں اتحاد میں شامل نہ ہونے اور یمن جنگ میں کسی بھی فوجی کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مضمون نگا ر نے 1980ءکی ایک مثال دیتے ہوئے لکھا کہ ایران کی طرف سے کسی بھی جارحیت کو روکنے کے لئے پاکستان نے سعودی عرب میں ہزاروں فوجیوں کا تعنات کیا۔ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام میں سعودی عرب نے مالی مدد کی، 15 لاکھ پاکستانی سعودی عرب میں کام کرتے ہیں۔ چیف آف آرمی اسٹاف کے دورے سے یمن کے مسئلے پر پیدا خلیج کو پر کرنے میں مدد ملے گی۔ اخبار کے مطابق یمن تنازع میں اپنے غیر جانبدار موقف رکھتے ہوئے پاکستان جنگ بندی کے کسی بھی امن معاہدے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کیلئے بہترین فورسز فراہم کرنے کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے ۔ انہیں فرقہ وارانہ کشیدگی کو زائل کرنے کا تجربہ ہے جو یمن میں امن قائم کرنے کے لئے کارگر ثابت ہو سکتا ہے۔ جنرل راحیل شریف واشنگٹن میں اس ماہ کے آخر میں جائیں گے اور انہیں خاموشی سے جنگ ختم کرنے میں مدد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog