انگلینڈ نے گرین شرٹس کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دیدی

Published on November 28, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 401)      No Comments

777
دبئی (یو این پی) انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوینٹی میں تین رنز سے ہرا کر سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوینٹی میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو تین رنز سے شکست دے دی۔ ایک سو بہتر رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم ایک سو انہتر رنز بنا سکی۔ آخری گیند پر چار رنز درکار تھے لیکن انور علی چوکا لگانے میں ناکام رہے۔احمد شہزاد اور رفعت اللہ مہمند کے درمیان اکاون رنز کی شراکت نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم احمد شہزاد اٹھائیس رنز بنا کر آؤٹ  ہوئے تو گرین شرٹس کی میچ پر گرفت کمزور ہونے لگی۔ تیسری وکٹ پر شعیب ملک اور حفیظ کے درمیان تیس رنز کی شراکت ہوئی جس کے بعد کوئی بلے باز جم کر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔سترہویں اوور میں ایک سو بیس رنز پر چھے کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے اننگز کو سنبھالا دیا اور آٹھ گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے چوبیس رنز بنا کر ٹیم کو ایک بار پھر میچ میں واپس لے آئے۔آفریدی کے بعد سرفراز بھی ایک غلط شاٹ کھیلتے ہوئے آؤٹ ہوئے اور ٹیم کی میچ پر گرفت ایک بار پھر کمزور پڑ گئی۔ آخری اوور میں جیت کے لیے صرف دس رنز درکار تھے تاہم کریز پر موجود سہیل تنویر اور انور علی یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔اس سے پہلے انگلش ٹیم نے جیسن رائے، جیمز ونسی اور کپتان جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت گرین شرٹس کو ایک سو بہتر رنز کا ہدف دیا۔ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر انگلش باؤلر پلنکٹ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Readers Comments (0)




Weboy

Premium WordPress Themes