مردان، نادرا دفتر کے باہر خود کش حملہ،28افراد جاں بحق،40سے زائد زخمی،کئی گاڑیاں تباہ

Published on December 29, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 619)      No Comments

دھماکے سے نادرا آفس اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا،کالعدم تحریک طالبان کےimages ذیلی گروپ نے ذمہ داری قبول کر لی
دھماکے میں 10سے 12کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا،
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے،تفتیش شروع
صوبائی حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا،وزیراعظم نواز شریف نے رپورٹ طلب کر لی
صدر ممنون حسین اور گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب سمیت اہم سیاسی شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت
مردان (یوا ین پی) مردان میں نادرا کے دفتر کے باہر خود کش حملے میں28افراد جاں بحق،40سے زائد زخمی ہو گئے،بم دھماکے کی زد میں آکر کئی گاڑیاں تباہ، رجسٹریشن آفس کی عمارت کو نقصان پہنچا،خود کش حملہ آور نے موٹر سائیکل نادرا آفس کے گیٹ سے ٹکرائی، دھماکے میں 10سے 12کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا،پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے،بم دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے زیلی گروپ نے قبول کر لی جبکہ صوبائی حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے،وزیراعظم نواز شریف نے رپورٹ طلب کر لی ہے،صدر ممنون حسین اور گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب سمیت اہم سیاسی شخصیات نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کی سہہ پہر مردان شہر کے مرکزی علاقے دسہرہ چوک میں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے دفتر کے داخلی گیٹ پر خود کش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری موٹر سائیکل ٹکرا دی جس کے نتیجے میں 18افراد موقع پر جاں بحق اور 50کے قریب زخمی ہو گئے جنھیں فوری طور پر مردام میڈیکل کمپلکس اور ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ہسپتال منتقلی کے دوران مزید10افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے اور ہلاکتوں کی تعداد28ہو گئی۔آخری اطلاعات تک 40سے زائد زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں جن میں سے 10کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔پولیس حکام کے مطابق خود کش بمبار نے عمارت اندر داخل ہونے کی کوشش کی اہلکاروں کے روکنے پر خود کو گیٹ پر ہی دھماکے سے اڑا دیا۔خود کش حملے کے وقت دفتر میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو مختلف علاقوں سے اپنے اور اہل کانہ کے شناختی کارڈ بنوانے آئے تھے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اہلکار۔اعلیٰ حکام اور ریسکیو کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا ۔واقعہ کے بعد شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی اور چھٹیوں پر گئے عملے کو واپس بلا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پرسوارخودکش بمبارنے نادرا آفس کے اندر جانے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی پرمامورنجی گارڈ نے روکنے کی کوشش کی جس پربمبارنے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب کہ گارڈ نے اپنی جان دے کر کئی قیمتیں جانیں بھی بچائیں۔ مرنے والوں میں دو سکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ڈی آئی جی مردان سعید وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ سکیورٹی گارڈ نے خودکش حملہ کو نادرا کی عمارت سے باہر ہی روک دیا اور اگر وہ اندر داخل ہو جاتا تو ہلاک ہونے والوں کی تعداد کافی زیادہ ہو سکتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کی زیادہ تعداد قطار میں کھڑی تھی۔سعید وزیر کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس خودکش دھماکے میں دس سے 12 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خودکش بمبار نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی جس میں 8 کلو گرام دھماکا خیزمواد استعمال کیا گیا جب کہ حملہ آورکی عمر 22 سے 30 سال کے درمیان تھی۔ڈی پی او مردان نے ابتدائی طور پر22افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملہ خود کش تھا،حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا جس نے بارود سے بھرا بائیک عمارت کے گیٹ سے ٹکرایا ۔ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر ہارون باچا کے مطابق دھماکے میں 18افرادجاں بحق اور42زخمی ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کیا جارہا ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرحارث کے مطابق دھماکے میں 20سے زائد افرادجاں بحق ہوئے دھماکے میں زخمی 10افرادکی حالت نازک ہے۔مردان کے سپرنٹنڈنٹ پولیس آپریشنز حشمت علی زیدی کے مطابق یہ دھماکہ خودکش تھا اور اس میں اب تک 18 ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ 35 افراد زخمی ہیں۔زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔دریں اثناء میڈیا رپورٹس کے مطابق مردان میں نادرا دفتر کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے زیلی گروپ جماعت الحرار نے قبول کر لی ہے۔پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے ہیں جبکہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔دونوں رہنماؤں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور لواحقین سے ہمدردی کیا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزی رداخلہ اور صوبائی حکومت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعظم نے متاثرین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبعی امداد فراہم کی جائے ۔صدر ممنون حسین اور گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب احمد خان،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق،ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی،چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ،سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر رہنماؤں نے خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog