پاناما لیکس : پیپلزپارٹی کا وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرنے سے انکار

Published on April 10, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 271)      No Comments

1111
اسلام آباد (یو این پی) حکومت کو ٹف ٹائم دینے کےلئے ایکا کرنے والی اپوزیشن پاناما لیکس کے معاملے پر تقسیم ہو گئی۔ پیپلزپارٹی نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کرنے کی تجویز کو رد کر دیا اور ساتھ ہی خورشیدشاہ نے وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کرنے سے بھی انکار کر دیا۔ قمرزمان کائرہ کہتے ہیں تحریک انصاف جو مرضی کرے پیپلزپارٹی آئینی حدود کو پار نہیں کرے گی۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ میں اپوزیشن نے ماضی کی روایت برقرار رکھی اور اہم ترین ایشو پاناما لیکس پر بھی ایک نہ ہو سکی۔ پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کرنے کی جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ اور تحریک انصاف کی تجویز مسترد کردی۔ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے نوازشریف کے استعفے کا مطالبہ کرنے سے بھی انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس کی تجویز دی تو خورشید شاہ کراچی چلے گئے۔پیپلزپارٹی کی جانب سے تحریک انصاف کو جواب دیا گیا ہے کہ بائیکاٹ کی بجائے معاملے پر پارلیمنٹ کے اندر رہ کر بات کی جائے۔ ادھر پیپلزپارٹی کے اہم رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پہلے پارلیمنٹ میں حکومت پر دبائو بڑھایا جائے گا، منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ تسلیم نہ ہونے کی صورت میں سڑکوں کا راستہ اختیار کریں گے۔فی الوقت تحریک انصاف جو چاہے کرے پیپلز پارٹی کسی صورت آئینی حدود سے تجاوز نہیں کرے گی۔ تحریک انصاف کے ساتھ مل کر چلنا عمران خان کے رویے پرمنحصر ہے کیونکہ عمران خان سولو فلائیٹ کے عادی ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes