کوئی الزام ثابت ہوا تو گھر چلا جاؤں گا، وزیراعظم

Published on April 23, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 312)      No Comments

6
اسلام آباد:(یو این پی) وزیراعظم نوازشریف نے پاناما لیکس کے معاملے پر تحقیقاتی کمیشن کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھنے کا اعلان کردیا جب کہ ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں مجھ پر کوئی الزام ثابت ہوا تو بلا کسی تاخیر کے گھر چلا جاؤں گا۔وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دفعہ ایک نہایت اہم مسئلے پر آپ کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں، آپ جانتے ہیں کہ میری ساری زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے، میں پاکستان میں پیدا ہوا، اسی کی گلیوں میں بچپن، لڑکپن، جوانی سب یہیں گزارا اور یہیں تعلیم حاصل کی، میری اولاد بھی پاکستان میں پیدا ہوئی اور سب کی پرورش بھی یہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پورا خاندان پاکستان کےساتھ  دل و جان سے وابستہ ہے، فخر ہے کہ میں اس مٹی سے اٹھا ہوں اور ایک دن اسی مٹی میں چلا جاؤں گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے وطن کی مٹی سے عشق ہے، پاکستانی ہونے کے ناطے میرا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، میں نے تین دہائیوں میں بہت نشیب و فراز دیکھے، ان سب میں سب سے زیادہ تکلیف دہ وقت وہ تھا جب مجھے جلا وطن کرکے پاکستان سے دور رہنے پر مجبور کیا گیا اور خدا جانتا ہے کہ ان 8 برسوں کا یک ایک لمحہ کس طرح وطن کو یاد کرکے گزارا جس کے بعد خدا وہ وقت لایا جب نہ صرف میں وطن واپس آیا بلکہ عوام نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تیسری مرتبہ خدمت کی ذمہ داری سونپی۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题