شام: سیدہ زینب کے مزار کے قریب دھماکے، 8 افراد ہلاک

Published on June 12, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 379)      No Comments

444
دمشق:  (یو این پی)شام کے دارالحکومت دمشق کے جنوب میں واقع پیغمبر اسلام کی نواسی سیدہ زینب کے مزار کے قریب ہونے والے بم حملوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سیدہ زینب کے مزار کے قریب ایک خودکش بم حملے کے ساتھ کار بم دھماکہ بھی ہوا ہے۔ ان بم دھماکوں کے نتیجے میں 13 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ’سانا‘ کے مطابق سنیچر کو پہلا دھماکہ ایک خودکش بمبار نے کیا جو اس علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا جبکہ دوسرا دھماکہ ایک کار بم کا نتیجہ تھا جو مزار سے کچھ فاصلے پر ہوا۔ خیال رہے کہ یہ مزار شیعہ مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے اور یہاں پر پیغمبر اسلام کی نواسی کی قبر ہے جہاں ہر سال بڑی تعداد میں شیعہ مسلمان آتے ہیں۔ سیدہ زینب کے مزار کو پہلے بھی شدت پسند گرہوں کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ اس برس کے اوائل میں مزار کے قریب ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 150 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب خطے بھر سے شعیہ جنگجوؤں کی شام آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ان جنگجوؤں کا موقف ہے کہ وہ اس مزار کو خانہ جنگی سے بچانے کے لیے شام آ رہے ہیں۔ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کا بھی یہی موقف ہے کہ وہ مذہبی مقامات کی حفاظت کے لیے شام کی حکومتی افواج کا ساتھ دے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ شام میں پانچ برس سے جاری لڑائی میں اب تک 250,000 سے زیادہ افراد ہلاک اور تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog