وزیراعظم محمد نواز شریف کا یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

Published on August 14, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 412)      No Comments

1444
اسلام آباد (یوا ین پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 14اگست کے دن ہم نے عہد کرنا ہے کہ جب تک زندہ ہیں پاکستان کی سلامتی، بقا اور استحکام کے لیے ہر دنیاوی مفاد کو قربان کریں گے، قائد اعظم کی قیادت نہ ہوتی تو پاکستان کا قیام ممکن نہ ہوتا ، پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے ، اگر ہماری افواج، سلامتی کے ادارے،پولیس اور عوام اپنا خون نہ دیتے تو ملک کی بقا اور سلامتی ممکن نہ ہوتی، اس سال 14اگست کو ان اہلِ کشمیر کے نام کرتے ہیں جنہوں نے ریاستی جبر کا مقابلہ کیا مگر آزادی کے جذبے کوزندہ رکھا ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کااظہار یوم آزادی کے موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں کہی ہے ۔یواین پی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ 14اگست کادن روایتی مسرت کے ساتھ ،دکھ کے گہرے احساس کو بھی اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے، کوئٹہ کے شہدا کا غم ابھی تاز ہ ہے، آج ہم اْن شہدا کو بھی یاد کر رہے ہیں جنہوں نے اس آزادی کو قائم رکھنے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا،یہ دن پاکستانی قوم کے اس عزم کے ساتھ طلوع ہورہا ہے کہ پاکستان اللہ کے فضل سے ہمیشہ قائم رہے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ 1965 ء کا جذبہ آج بھی اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ ہے، جب پاکستان کی افواج اورعوام نے ایک ساتھ دشمن کا سامنا کیا تھا، یہ یومِ آزادی اس وجہ سے بھی یاد گار ہے کہ اِن دنوں مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا جذبہ اپنے عروج پر ہے، اہلِ کشمیرکی نئی نسل نے،ایک نئے جذبے کے ساتھ آزادی کا علم اٹھایا ہے۔وزیر اعظم نے اس سال 14اگست کو آزادی ء کشمیر کے نام کر نے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ وہ یوم آزادی کو ان اہلِ کشمیر کے نام کر تے ہیں جنہوں نے ریاستی جبر کا مقابلہ کیا مگر آزادی کے جذبے کوزندہ رکھا۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادی کا حصول جتنا مشکل ہے اس کی حفاظت اس سے زیادہ مشکل ہے، قائد اعظم کی قیادت نہ ہوتی تو پاکستان کا قیام ممکن نہ ہوتا،اسی طرح اگر ہماری افواج، سلامتی کے ادارے،پولیس اور عوام اس کے لیے اپنا خون نہ دیتے تو اس کی بقا اور سلامتی ممکن نہ ہوتی۔وزیراعظم نے کہاکہ اگست کے مہینے میں جہاں ہم قائد اور تحریکِ پاکستان کے راہنماؤں اور کارکنوں کو یاد کرتے ہیں، وہاں اْن شہدا کی یاد کے چراغ بھی ہمارے دلوں میں روشن ہو جاتے ہیں،جو وطن کے لیے جان دے کر امَر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے ان سب شہدا کو یاد کر رہے ہیںیہ ریاست کے ہر شعبے میں ہیں، یہ ہر سیاسی جماعت میں ہیں، یہ ہر طبقہ زندگی میں ہیں، یہ ہر مسلک میں ہیں، یہ ہر مذہب میں ہیں، یہ سب پاکستانی ہیں،یہ ایک قوم کے افراد ہیں، ہم اپنے ان شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کررہے ہیں ہم ان کی روحوں کو سلام پیش کر رہے ہیں،یہ سب اس بات کاا علان کر رہے ہیں کہ قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم نے عہد کرنا ہے کہ جب تک زندہ ہیں پاکستان کی سلامتی، بقا اور استحکام کے لیے ہر دنیاوی مفاد کو قربان کریں گے۔ہم شہدا کی اس روایت کو آگے بڑھائیں گے کہ ہمارے بعد ،دنیا ہمارے حق میں وہی شہادت دے جوآج ہم اپنے شہدا کے لیے دے رہے ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Premium WordPress Themes