کشمیر میں ہلاکتیں: بان کی مون کی شدید مذمت

Published on August 20, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 470)      No Comments

2
نیویارک:(یو این پی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں بے گناہ افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے وہاں مزید تشدد روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیراعظم نواز شریف کے نام جوابی خط میں بان کی مون نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کے حل کے لیے مذاکرات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں ایک بار پھر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ بان کی مون نے خط کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی توقع بھی ظاہر کی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھ کر ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کے مظالم کا نوٹس لینے اور انہیں رکوانے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ وزیراعظم نے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ وادی کشمیر میں حریت پسند کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد 8 جولائی سے جاری احتجاج اور مظاہروں کو کچلنے کے لیے ہندوستانی فوج طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes